وہ صورتیں جن میں اقتدا درست ہیں
1-قیام کرنے والے کی اقتدا قیام سے عاجز کے پیچھے درست ہے، شرعاً معذور کابیٹھ کر نماز پڑھنا کھڑے ہو کر نماز پڑھنے کے حکم میں ہے۔
2-تیمم کرنے والے کے پیچھے (چاہے تیمم وضو کا ہو یا غسل کا) وضو اور غسل کرنے والے کی اقتدا درست ہے، اس لیے کہ تیمم اور وضو وغسل کا حکم طہارت میں ایک جیسا ہے۔
3-مسح کرنے والے کے پیچھے (چاہے مسح موزوں پر کرتاہو یا پٹی پر) دھونے والے کی اقتدا درست ہے، اس لیے کہ مسح کرنا اور دھونا دونوں ایک ہی درجے کی طہارت ہے۔
4-معذور کی اقتدا معذور کے پیچھے درست ہے، بشرطیکہ دونوں ایک ہی عذر میں مبتلا ہوں، مثلاً: دونوں کو مسلسل پیشاب کے قطرے آنے کی شکایت ہویا دونوں کو خروج ریح کا مرض ہو۔
5-اُمّی کی اقتدا اُمّی کے پیچھے درست ہے، بشرطیکہ مقتدیوں میں کوئی قاری نہ ہو۔[اُمّی سے مراد وہ شخص ہے جو فرض قراء ت کے بقدرقرآن مجید یعنی کم از کم ایک آیت زبانی بھی نہ پڑھ سکتا ہو اور قاری سے مراد وہ شخص ہے جو فرض قراء ت کی مقدار قرآن مجید زبانی پڑھ سکتا ہو۔]
6-عورت یا نابالغ کی اقتدا بالغ مرد کے پیچھے درست ہے۔
7-عورت کی اقتدا عورت کے پیچھے درست ہے۔
8-نابالغ کی اقتدا نابالغ کے پیچھے درست ہے۔
9-نفل پڑھنے والے کی اقتدا فرض اورواجب پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے، مثلاً: کوئی شخص ظہر کی نماز پڑھ چکا ہو اور وہ کسی ظہر کی نماز پڑھنے والے کے پیچھے نماز پڑھے یا عید کی نماز پڑھ چکا ہو اور وہ دوبارہ پھر نماز میں شریک ہوجائے۔
10-نفل پڑھنے والے کی اقتدا نفل پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے۔
11-قسم کی نماز پڑھنے والے کی اقتدا نفل پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے، اس لیے کہ قسم کی نماز بھی فی نفسہ نفل ہے، یعنی ایک شخص نے قسم کھائی کہ میں دو رکعت نماز پڑھوں گا اور پھر کسی متنفل کے پیچھے اس نے دو رکعت پڑھ لی تو نماز ہوجائے گی اور قسم پوری ہوجائے گی۔
12-نذر کی نماز پڑھنے والے کی اقتدا نذر کی نماز پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے، بشرطیکہ دونوں کی نذر ایک ہو، مثلاً :ایک شخص کی نذر کے بعد دوسرا شخص کہے کہ میں نے بھی اس چیز کی نذر مانی جس کی فلاں شخص نے نذر مانی ہے اور اگر یہ صورت نہ ہو بلکہ ایک نے دو رکعت کی مثلاً: الگ نذر مانی اور دوسرے نے الگ، تو ان میں سے کسی کی نماز دوسرے کی اقتدا میں درست نہیں ہوگی۔ حاصل یہ ہے کہ جب مقتدی امام سے کم یا برابر ہوگا تو اقتدا درست ہوجائے گی۔