ٹیکس کی شرعی حیثیت

فتویٰ نمبر:465

سوال:ٹیکس کی شرعی حیثیت کیا ہے ؟

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب حامدا ومصلیا
کسی بھی مملکت اور ریاست کو ملکی انتظامی امور چلانے کے لیے،مستحقین کی امداد ،سڑکوں،پلوں اور تعلیمی اداروں کی تعمیر،بڑی نہروں کا انتظام،سرحد کی حفاظت کا انتظام ،فوجیوں اور سرکاری ملازمین کو مشاہرہ دینے کے لیےاور دیگر ہمہ جہت جائز اخراجات کو پورا کرنے کے لیے وسائل کی ضرورت ہوتی ہےاوران وسائل کو پورا کرنے کے لیےنبی کریمﷺ،خلفاء راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مبارک عہداور ان کے بعد کے روشن دور میں بیت المال کا ایک مربوط نظام قائم تھااور اس میں مختلف قسم کے اموال جمع کیے جاتے تھےمثلاً’’خمس ِغنائم‘‘ یعنی جو مال کفار سے بذریعہ جنگ حاصل ہو اس کے چار حصے مجاہدین میں تقسیم کرنے کے بعدباقی پانچواں حصہ، مال ِ فییٔ یعنی وہ مال جو بغیر کسی مسلح جدو جہد کے حاصل ہو،’’خمسِ معادن‘‘یعنی مختلف قسم کی کانوں سے نکلنے والی اشیاء میں سے پانچواں حصہ،’’خمسِ رکاز ’’ یعنی جو قدیم خزانہ کسی زمین سے برآمد ہو اس کا بھی پانچواں حصہ،مسلمانوں کی زکوٰۃ ، صدقۃ الفطر اور ان کی زمینوں کا عشر، خراج ،جس میں غیر مسلموں کی زمینوں سے حاصل شدہ خراج اور ان کا جزیہ اور ان سے حاصل شدہ تجارتی ٹیکس اور وہ اموال جو غیر مسلموں سے ان کی رضامندی کے ساتھ مصالحانہ طور پر حاصل ہوں اور ضوائع یعنی لا وارث مال ، لا وارث شخص کی میراث وغیرہ۔
لیکن آج کے دور میں جب کہ یہ اسبابِ وسائل یا تو بالکل ہی ناپید ہوگئے ہیں یاحکومت جتنی سہولتیں فراہم کر رہی ہے ان کے لیے یہ وسائل ناکافی ہیں لہٰذا ان ضروریات اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیےٹیکس کا نظام قائم کیا گیاکیونکہ اگر حکومت ٹیکس نہ لے تو فلاحی مملکت کا سارا نظام خطرہ میں پڑ جائے گا۔البتہ اس میں شک نہیں کہ مروجہ ٹیکس(انکم ٹیکس ،ویلتھ ٹیکس،جنرل سیلز ٹیکس) کے نظام میں کئی خرابیاں ہیں ،سب سے اہم یہ ہے کہ ٹیکس کی شرح بعض مرتبہ نامنصفانہ بلکہ ظالمانہ ہوتی ہےاور یہ کہ وصولی کے بعدبے جا اسراف اور غیر مصرف میں ٹیکس کو خرچ کیا جاتا ہے،لیکن بہرحال ٹیکس کے بہت سے جائز مصارف بھی ہیں اس لیے یہ کہنا کہ حکومت کے لیےمطلقاًٹیکس لینا جائز نہیں یا یہ کہ تمام ٹیکس ظالمانہ ہیں درست نہیں ۔(مأخذہ التبویب بتصرف:۵۲۴/۳۴)
اوپر ذکر کردہ تفصیل کے مطابق اگر حکومت جائزمصارف دیگر ذرائع آمدنی سے پورے نہیں ہوتےجیسا کہ ہمارے زمانہ کا حال ہے تو حکومت کو اپنے مصارف پورا کرنے کے لیے ٹیکس لینےکی چند شرائط کے ساتھ اجازت ہے:
1   بقدرِ ضرورت ٹيكس لگايا جائے۔
2   لوگوں کے لیے قابلِ برداشت ہوں۔
3   وصولی کا طریقہ مناسب ہو۔
4    ٹیکس کی رقم کو ملک و ملت کی واقعی ضرورتوں اور مصلحتوں پر صرف کیاجائے۔
جس ٹیکس میں مندرجہ بالا شرائط کا لحاظ نہ کیا جاتا ہو تو حکومت کے لیے ایسے ٹیکس جائز نہیں۔
والله اعلم بالصواب

 
 
 

اپنا تبصرہ بھیجیں