تنظیم اسلامی کے تعلیم القرآن سینٹر کا حکم

حضرات مفتیان کرام

السلام علیکم

کیا فرماتے ہیں علماء و مفتیان کرام ڈاکٹر اسرار احمد اور اس کی بنائی ہوئی جماعت کے بارے میں کہ آیا ان کے عقائد و نظریات قرآن و سنت کے مطابق ہیں یا نہیں؟

ڈاکٹر اسرار احمد اگرچہ اس دنیا سے کوچ کرگئے ہیں لیکن ان کی بنائی ہوئی جماعت پاکستان کے مختلف شہروں میں قرآن کی تعلیم دینے کے لیے کوشاں ہیں اور ہوسکتا ہے کہ یہ لوگ اس تعلیم کے ذریعے اپنی تبلیغ بھی کرتے ہوں۔ تشویش اس بات کی ہے کہ جس کی وجہ سے آپ احباب سے ان لوگوں کے بارے میں معلوم کیا جارہا ہے کہ ان لوگوں نے ہمارے علاقے میں تعلیم قرآن کے نام سے اپنا الگ سینٹر قائم کیا ہوا ہے۔ جس میں یہ لوگ کثرت کے ساتھ مستورات کو تعلیم دیتے ہیں اور ان کی سرپرستی ہمارے علاقے کے صرف ایک معزز شخص کر رہے ہیں۔ اور ہوسکتا ہے کہ ان صاحب کو بھی ان لوگوں کی حقیقت معلوم نہ ہو کہ پس پردہ ان کے اصل حقائق کیا ہیں اور ہم بھی اس معاملے میں کچھ زیادہ علم نہیں رکھتے۔ 1،2 عالم دین سے اس بارے میں بات کی تو انہیں بھی اس بارے میں کوئی زیادہ علم نہیں تھا۔ آپ لوگوں کے پاس تو بین الاقوامی ڈاک آتی ہیں، آپ کو اس مسئلے کا ضرور علم ہوگا۔

نیز ان لوگوں کو اپنے علاقوں میں کام کرنے دیا جائے یا حکمت و مصلحت سے اپنے لوگوں کو ان سے بچایا جائے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمادیں۔

احتشام الحق

میرپور خاص، سندھ

الجواب حامداومصلیا

صورت مسؤلہ میں ڈاکٹر اسرار صاحب مرحوم نے باقاعدہ کسی مستند دینی ادارے یا کسی مستند عالم دین سے دینی علم حاصل نہیں کیا تھا، بلکہ اس بارے میں وہ اپنے ذاتی مطالعہ پر اعتماد کیا کرتے تھے۔ جس کی وجہ سے ان کے محفوظ شدہ بیانات کو سننے یا ان کے تحریر کردہ رسائل کو پڑھنے کی صورت میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان کو سننے والا یا پڑھنے والا دین کے کسی مسئلے میں شدید گمراہی کا شکار نہ ہوجائے۔ اس لیے مرحوم کی تنظیم کی جانب سے قائم کردہ “تعلیم قرآن” میں خواتین و حضرات کا دینی تعلیم، بالخصوص قرآن کریم کی تفسیر کا علم حاصل کرنا، یا اس میں منعقد کردہ مختلف کورسز میں شرکت کرنا خطرہ سے خالی نہیں، لہذا اس میں شرکت سے اجتناب کرنا چاہیے۔

اپنے علاقے میں مستند علماءکرام کی رینمائی میں دین کی بنیادی تعلیم کی نشر و اشاعت کا اہتنام کیجیے نیز لوگوں کو اعتدال کے ساتھ تبلیغی جماعت میں شرکت کی ترغیب دیں۔

واللہ اعلم

عبدالرؤف

4۔07۔1433

عربی حوالہ جات وپی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےکےلیےلنک پرکلک کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/949702428732336/

اپنا تبصرہ بھیجیں