سرسید احمد خان کے نظریات کیسے تھے ؟

سوال:سر سید احمد خان کے نظریات کیسے تھے؟

جواب: سر سید احمد خان کی ملی اور سیاسی خدمات سے انکار نہیں لیکن ان کے مذہبی نظریات ورجحانات سے آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں. سرسید سائنس اور مغرب سے اتنے مرعوب ہوگئے تھے کہ تمام وہ مذہبی اعتقادات جو ان کو جدیدیت اور سائنس سے متصادم نظر آئے اس کا انھوں نے یا انکار کردیا یا اس میں تاویلات فاسدہ کا سہارا لیا. حالانکہ بعد میں خود سائنس اپنے ان نظریات سے پیچھے ہٹ گئی ہے.

سرسید کے وہ نظریات جو قرآن وحدیث اور اہل سنت والجماعت کے عقائد سے متصادم ہیں، ان میں سے کچھ یہ ہیں:

1… اہل سنت والجماعت کا عقیدہ یہ ہے کہ جنت ودوزخ برحق ہے. اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

“وتلك الجنة التى اورثتموها بما كنتم تعملون”

(سورة الزخرف:الاية ٧٢)

ترجمہ:”تم اس جنت کے وارث اپنے اعمال کی وجہ سے ہو جو تم دنیا میں کر رہے ہو”

اور دوزخ کے وجود کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:”هذه جهنم التى كنتم توعدون”(سورة يس:الاية:٦٣)

ترجمہ:”یہ ہی وہ دوزخ ہے جس کا وعدہ تم سے کیا گیا تھا”

جبکہ سر سید احمد خان دونوں کے وجود کا انکار کرتے ہیں اور لکھتے ہیں:

“یہ مسئلہ کہ جنت ودوزخ دونوں بالفعل مخلوق موجود ہیں،قرآن سے ثابت نہیں”

2… فرشتوں پر ایمان لانا اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ہے اور قرآن وسنت سے ان کے وجود کی صراحت ملتی ہے.

قال اللّٰه تعالى:

امن الرسول بما انزل اليه من ربه والمؤ منون كل امن بالله وملىٔكته وكتبه ورسله لا نفرق بين احد من رُّسله وقالوا سمعنا واطعنا غفرانك ربنا واليك المصير-(سورة البقرة:الاية:٢٨٤)

ترجمہ:”مان لیا رسول نے جو کچھ اترا اس پر اس کے رب کی طرف سے اور مسلمانوں نے بھی،سب نے مانا اللہ کو اس کے فرشتوں کو اور اس کی کتابوں کو اس کے رسولوں کو،کہتے ہیں کہ ہم اس کے رسولوں کے درمیان تفریق نہیں کرتے اور کہ اٹھے (مسلمان)کہ ہم نے سنا اور قبول کیا تیری بخشش چاہتے ہیں اور تیری ہی طرف لوٹ کر جانا ہے”

جبکہ سر سید احمد خان لکھتے ہیں: “قرآن سے فرشتوں کا ایسا وجود جیسا کہ مسلمانوں نے اعتقاد کر رکھا ہے ثابت نہیں ہوتا”

3… رؤیت باری تعالیٰ کے متعلق لکھتے ہیں”خدا کا دیکھنا دنیا میں نہ ان آ نکھوں سے ہو سکتا ہے جو دیکھتی ہیں اور نہ ان آنکھوں سے جو دل کی آنکھیں کہلاتی ہیں اور نہ کوئی شخص قیامت میں خدا کو دیکھ سکتا ہے”۔

4… واقعہ معراج کے بارے میں لکھتے ہیں:”ہماری تحقیق میں واقعہ معراج ایک خواب تھا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا تھا”

(تفسیر القرآن از سر سید احمد خان پر تحقیقی و تنقیدی جائزہ: ص ١١٤تا١١٦خلاصہ)

انہی عقائد و نظریات کی بنیاد پر مفتی تقی عثمانی صاحب مدظلہ اپنے فتاویٰ میں فرماتے ہیں کہ سر سید احمد خان نے اپنی تفسیر میں جو نظریات بیان کئے ہیں،وہ انتہائی گمراہانہ ہیں.

(فتاویٰ عثمانی: ج١ص٩٨)

واللّٰه سبحانه وتعالى اعلم

اپنا تبصرہ بھیجیں