نشر الطیب کیاہے؟
نشرا لطیب فی ذکر النبی الحبیب ﷺ درحقیقت نبی اکرم ﷺ کی محبت میں لکھی گئی ایک کتاب ہے جومولانااشرف علی تھانوی ؒ نے لکھی ۔ یہ کتاب نبی اکرم ﷺ کے فضائل شریفہ پرمبنی ہے ۔ا س کتاب کی ایک خاص بات یہ کہ ہرمضمون کی مناسبت سے اس میں قصیدہ بردہ شریف اور ایک اورمنظوم کلام ”الروض النظیف“کےاشعار بھی شامل ہیں ۔
وجہ تالیف
اس کتاب کی وجہ تالیف یہ تھی :
1۔ کوئی مستند کتاب نبی اکرم ﷺ کےحالات شریفہ کے بارے میں ہوکوئی متبع سنت، محبت بڑھانے اور برکت حاصل کرنےکےلیے آپ ﷺ کا ذکر مبارک پڑھنا چاہے توپڑھ سکے ۔
2۔اس زمانے میں سخت طاعون پھیلاہواتھااور لوگ بہت پریشان تھے۔حضرت رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ایسی آفات میں ہمیشہ سے علمائے امت کا معمول رہاہے کہ نبی اکرم ﷺ کےمبارک ذکر پر مبنی روایات،آپ ﷺ کے معجزات اور درود وسلام کی کثرت کی جائے ۔ حضرت فرماتے ہیں :
”میرےقلب پر بھی یہ بات وارد ہوئی کہ اس رسالہ میں رسول اللہ ﷺ کے حالات وروایات بھی ہوں گے ، جابجا اس میں درود شریف بھی لکھا ہوگا،پڑھنے سننے والےبھی اس کی کثرت کریں گے ۔ کیا عجب ہے حق تعالیٰ ان تشویشات سے نجات دیں۔چنانچہ اسی وجہ سے احقر کل درود شریف کی کثرت کو اوروظائف سے ترجیح دیتاہے اوراس کو اطمینان کے ساتھ مقاصد دارین کے لیے زیادہ نافع سمجھتا ہے ۔“( نشرالطیب :ص7)
چنانچہ حضرت فرماتےہیں کہ اس رسالےکےلکھنے کی برکت یہ حاصل ہوئی کہ اردگردہرطرف طاعون بہت شدت سے پھیلا ہواتھالیکن تھانہ بھون اس سے محفوظ رہا، حضرت ؒ لکھتےہیں :
”سومیں یہ بھی امید کرتاہوں کہ اگر یہ رسالہ شائع ہوا توجہاں جہاں اس کا بطریق سنت مشغلہ ہوگا۔ ان شاء اللہ ہرقسم کا امن اور سکون میسر ہوگا، آگے ہر شخص کا اعتقاد ہے ۔اناعندظن عبدی بی۔حدیث قدسی میں ارشاد ہے۔“(نشر الطیب:ص7)
((آج کے سخت حالات سب کے سامنے ہیں کہ پوری دنیا ایک سنگین بحران اور مہلک وبا کاشکارہے،ہم نبی اکریم ﷺ کے مبارک ذکر اور درود وسلام کاسلسلہ شروع کررہے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ اس مبارک سلسلے کی برکت سے ہمیں اورہمارے وطن عزیز سے اس بلا کودورفرمادیں ، ہم اس کتاب سے کچھ اسباق بھیجتے رہیں گے، آپ سب کود بھی پڑھیں اور اپنے گھروالوں کوپڑھ کر سنائیں ، بدعت سے بچنے کا اہتمام کریں ، ان شاء اللہ ! اللہ تعالیٰ خیرفرمائیں گے ۔
جزاکم اللہ خیرا کثیرا