نیند کی حالت میں مسوڑھے سے خون جاری ہونے کی صورت میں روزے کا حکم

فتویٰ نمبر:4091

سوال: السلام علیکم 

باجی مجھے پچھلے دو سالوں سے روز کا یہ روٹین ہے کہ میرے منہ سے سو کے اٹھنے کے بعد منہ میں خون بھرا ہوتا ہے ؟ذرا سا بھی مسوڑھے دبے تو خون آجا تا ہے ۔۔

عصر کے بعد بھی جب تھوڑی دیر لیٹیں تو اٹھنے کے بعد خون آتا ہے ،،

تو پوچھنا یہ ہے کہ روزوں میں اس کا کیاحل ہوگا ؟

والسلام

الجواب حامداو مصليا

مسوڑھوں سے خون نکلنے کی کیفیت اگر ایسی ہو کہ اس کے حلق میں جانے سے اجتناب بظاہر ممکن نہ ہو تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا ، جیسا کہ کسی شخص کو قے آئی اور بلا ارادہ لوٹ گئی تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا ۔

علامہ شامی نے فرمایا 

’’ إلا أن یفرق بعدم إمکان الحترزعنہ فیکون کالقئی الذی عاد بنفسہ‘”(الشامی : ٣/ ٣٦٨ )

لہذا جب روزے میں نیند کی حالت میں خون حلق میں چلا گیا ،اس صورت میں روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ یہ غیر اختیاری فعل ہے ۔

البتہ جاگنے کی حالت میں مسوڑھوں سے خون نکل کر منہ کےاندر داخل ہونے پر روزہ ٹوٹنے اور نہ ٹوٹنے کے سلسلے میں فقہاء نے یہ تفصیل بیان کی ہے کہ اگر خون حلق تک ہی رہا، پیٹ تک نہیں پہنچا تو روزہ بہرحال نہ ٹوٹے گا خواہ خون کم ہو یا زیادہ؛ البتہ اگر پیٹ میں پہنچ جائے اور اس کا مزہ بھی محسوس ہو تو بہرحال روزہ ٹوٹ جائے گا، اگر مزہ محسوس نہ ہو تو خون مغلوب ہونے کی صورت میں روزہ نہ ٹوٹے گا ورنہ یعنی اگر خون غالب یا برابر ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا، اب آپ خوب غور کرلیں کہ آپ کے مسوڑھوں سے خون نکلنے کی نوعیت کیا ہے؟ اور جس کی طرف غالب گمان جائے مذکورہ بالا تفصیل کی روشنی میں اس کے حکم پر عمل درآمد کریں؛ بلکہ بہتر ہے کہ غور وفکر کے بعد ایک صورت متعین کرکے کسی مفتی کے پاس جاکر حکم شرعی کی تعیین کرالیں، پھر اس کے مطابق روزہ کی قضاء یا عدم قضاء کے بارے میں عمل کریں۔

” أو خرج الدم من بین أسنانہ ودخل حلقہ یعنی ولم یصل إلی جوفہ، أما إذا وصل فإن غلب الدم أو تساویا فسد وإلا لا، إلا إذا وجد طعمہ، بزازیة، واستحسنہ المصنف وہو ما علیہ الأکثر۔۔ إلی أخر ما فی رد المحتار (درمختار مع الشامي: ۳/ ۳۶۷، ۳۶۸، ط: زکریا)

و اللہ سبحانہ اعلم

قمری تاریخ:18 شعبان 1440ھ 

عیسوی تاریخ:24اپریل 2019

تصحیح وتصویب:مفتی انس عبد الرحیم

ہمارا فیس بک پیج دیکھیے. 

فیس بک:

https://m.facebook.com/suffah1/

ہمارا ٹوئیٹر اکاؤنٹ جوائن کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں. 

ٹوئیٹراکاؤنٹ لنک

https://twitter.com/SUFFAHPK

ہماری ویب سائٹ سے وابستہ رہنے کے لیے کلک کریں:

www.suffahpk.com

ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں:

https://www.youtube.com/channel/UCMq4IbrYcyjwOMAdIJu2g6A

اپنا تبصرہ بھیجیں