مکہ معظمہ اور مسجد ِحرام میں داخل ہونے کے آداب

مکہ معظمہ اور مسجد ِحرام میں داخل ہونے کے آداب

مکہ مکرمہ میں داخلہ کے وقت غسل کرنا مسنون ہے، مگر سواریوں کی پابندی اور بھیڑ کی وجہ سے آج کل یہ مشکل ہے، اگر بسہولت کرسکے تو غسل کرلے اور جب مکہ معظمہ نظر آئے تو یہ دعا پڑھے:

( اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ لِّیْ بِھَا قَرَارًا، وَّارْزُقْنِیْ فِیْھَا رِزْقًا حَلاَلاً۔ اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَناَ فِیْھَا)۔

’’ اے اللہ! میرے لیے مکہ مکرمہ میں ٹھکانہ بنادے اور مجھے اس میں رزق حلال نصیب فرما۔اے اللہ! ہمیں اس شہر میں برکت دے۔ ‘‘

اس کے بعد یہ پڑھے:

( اَللّٰھُمَّ ارْزُقْنَا جَنَاھَا ، وَ حَبِّبْنَا اِلٰی اَھْلِھَا ، وَحَبِّبْ صَالِحِیْ اَھْلِھَا اِلَیْنَا )۔

’’ اے اللہ! ہمیں اس کے میوے نصیب فرما اور ہمیں اس کے رہنے والوں کے نزدیک محبوب کردےاور اس کے نیک لوگوں کو ہمارا محبوب بنادے۔‘‘

تنبیہ: [یہ دعائیں معنی کا دھیان کر کے پڑھ لے تو اچھا ہے مگر خاص اس موقع کے لیے انہیں مسنون نہ سمجھے بلکہ کوئی بھی دعا جو دل میں آئے اللہ تعالیٰ سے مانگ سکتا ہے۔)

اس کے بعد نہایت خشوع وخضوع کے ساتھ پورے ادب اور احترام وتعظیم کا لحاظ رکھتے ہوئے مکہ مکرمہ میں داخل ہو اوراپنا سامان رہائش گاہ میں محفوظ رکھ کر، وضو کرکے جلد مسجد حرام میں آئے۔مسجد میں داخل ہوتے وقت حضور اقدسﷺ پر درود پڑھے اور یہ دعا پڑھے:

( رَبِّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ )۔

’’ اے میرے رب! میرے گناہوں کی مغفرت فرما اور میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔ ‘‘

جب کعبہ شریف پر نظر پڑے تو تین مرتبہ ( اَللّٰہُ أَکْبَرُ لاَ إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہ ) کہے اور یہ دعا پڑھے:

( اَللّٰھُمَّ زِدْ ھٰذَا الْبَیْتَ تَشْرِیْفاً وَتَعْظِیْمًا وَتَکْرِیْمًا وَ مَھَابَۃً ، وَزِدْ مَنْ شَرَّفَہٗ وَکَرَّمَہٗ مِمَّنْ حَجَّہٗ اَوِعْتَمَرَہٗ تَشْرِیْفًا وَتَکْرِیْمًا وَتَعْظِیْمًا وَبِرًّا ۔ اَللّٰھُمَّ اَنْتَ السَّلاَمُ وَمِنْکَ السَّلَامُ فَحَیِّنَا رَبَّنَا بِالسَّلاَمِ ))۔

’’ اے اللہ! اس گھر کی شرافت وعظمت و بزرگی اور ہیبت بڑھا نیز جو اس کی زیارت کرنے والا ہو، اس کی عزت واحترام کرنے والا ہو، چاہے حج کرنے والا ہو یا عمرہ کرنے والا اس کی بھی شرافت اور بزرگی اور بھلائی زیادہ فرمادے۔ اے اللہ! آپ کا نام سلام ہے اور آپ ہی کی طرف سے سلامتی مل سکتی ہے پس ہم کو سلامتی کے ساتھ زندہ رکھ۔ ‘‘

اس کے بعد درود شریف پڑھے اور کھڑے کھڑے جو چاہے دعا مانگے اس وقت دعا قبول ہوتی ہے، بعض حضرات نے فرمایا: اس موقع پر بلاحساب جنت نصیب ہونے کا سوال کرے۔

مسجد ِحرام میں داخل ہوکر سب سے پہلے طواف کرے۔ جو شخص عمرہ کا اِحرام باندھ کر آیا تھا یہ اس کے لیے عمرہ کا طواف ہوگا جو فرض ہے اور جو شخص صرف حج کا اِحرام باندھ کر آیا تھا یہ اس کا طواف ِقدوم ہوگا جو سنت ہے۔

اگر ایسے وقت میں مسجد ِحرام میں پہنچا ہو کہ جماعت کھڑی ہو تو پہلے امام کے ساتھ نماز پڑھ لے، بعد میں طواف کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں