سوال:شعبان کے مہینے میں بیٹی کو رخصت کرتے وقت کیا کسی کو کپڑا نہیں دے سکتے کچھ ضعیف لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ غم کا مہینہ ہے کیا یہ سب باتیں اسلام میں ہیں ان کی حقیقت کیا ہے کیا یہ لوگوں کی بنائی ہوئی باتیں ہیں؟
الجواب باسم ملهم الصواب!
واضح رہے کہ کوئی بھی مہینہ یا دن برا اور غم کا نہیں ہوتا ہے یہ سب منگھڑت باتیں ہیں جبکہ ماہِ شعبان کے تو بہت سے فضائل احادیث میں بیان ہوئے رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اس مہینے کو اپنی طرف منسوب فرمایا کہ یہ میرا مہینہ ہے لہذا سوال میں مذکور بات کی کچھ اصل نہیں۔
===================================
1)قال رسول اللّٰه ﷺ شَهْرُ رَمَضَانَ شَهْرُ اﷲِ، وَشَهْرُ شَعْبَانَ شَهْرِي، شَعْبَانُ الْمُطَهِّرُ وَرَمَضَانُ الْمُکَفِّرُ۔
ترجمة: رسول اللّٰه ﷺ نے فرمایا کہ
ماہِ رمضان اﷲ تعالیٰ کا مہینہ ہے، اور ماہِ شعبان میرا مہینہ ہے، شعبان (گناہوں سے) پاک کرنے والا ہے اور رمضان (گناہوں کو) ختم کر دینے والا مہینہ ہے۔
( کنزالعمال: حدیث نمبر، 23685)
2)ماہ شعبان کو رسول الله صلى اللّٰه عليه وسلم نے اپنا مہینہ قرار دیا اور اس کو اپنی جانب منسوب کیا ہے، اس بات سے ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جو مہینہ حضور علیہ السلام کا ہوگا، وہ عظمت و بزرگی میں کس قدر غیر معمولی مقام رکھتا ہوگا۔
شعبان کی اسی اہمیت کے پیش نظر اصحاب کرام رضوان اللہ تعالی علیھم اجمعین شعبان کا چاند دیکھتے ہی پہلے سے زیادہ عبادت میں مشغول ہوجاتے تھے، چنانچہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی علیہ الصلوة والسلام کے جلیل القدر اصحاب شعبان کا چاند دیکھتے ہی قرآن کریم کی (عام دنوں سے زیادہ) تلاوت میں مشغول ہوجاتے تھے، مسلمان اس مہینے میں اپنے مال کی زکوة نکالا کرتے تھے، تاکہ غریب اور مسکین لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔
(غنیة الطالبین مترجم: ص، 356)
والله سبحانه وتعالى اعلم
7شعبان 1444ھ
28فروری 2023ء