سوال: برائے مہربانی کسی اور کو تیمم کرانے کا طریقہ بتادیجیے۔ فالج کا مریض جس کا آدھا جسم مفلوج ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے دونوں ہاتھ استعمال نہیں کرسکتا۔اگر کسی وقت اس کو تیمم کرانا پڑجائے تو اس کو کیسے تیمم کرایا جائے؟
الجواب باسم ملھم الصواب
مذکورہ صورتحال میں مریض کو تیمم کرانے کا طریقہ یہ کہ تیمم کرانے والا شخص اپنے دونوں ہاتھ پاک مٹی پر مار کر مریض کے چہرے کو ملے پھر دوسری مرتبہ مٹی پر دونوں ہاتھ مار کر مریض کے دونوں ہاتھوں کو کہنی سمیت مل لے۔
البتہ اگر الگ الگ ہاتھ سے مریض کے دونوں ہاتھوں کو تیمم کرانا مشکل ہو تو اس صورت میں مٹی پر تیسری بار بھی ہاتھ مارا جاسکتا ہے یعنی دوسری بار میں دائیں ہاتھ کو اور تیسری بار میں مریض کے بائیں ہاتھ کو کہنی سمیت مل لیا جائے۔
اس طرح کرنے سے مریض کا تیمم ہوجائے گا۔ البتہ تیمم کی نیت خود مریض کو کرنا ہوگی۔
=======================
حوالہ جات:
1- لو يمم غيره يضرب ثلاثا للوجه واليمنى واليسرى. (رد المحتار علی الدر المختار: 1/451)
2- مريض ييممه غيره فالنية على المريض دون الميمم. كذا في القنية. (الفتاوى الھندية: 1/ 29)
واللہ اعلم بالصواب
26 جمادی الثانی 1444ھ
19 جنوری 2023ء
Load/Hide Comments