کیا کینیڈا کی شہریت لے سکتے ہیں یا نہیں؟
الجواب باسم ملھم الصواب
کسی بھی شخص کا کسی غیر مسلم ملک میں رہائش اختیار کرنا مندرجہ ذیل شرائط کے ساتھ جائز ہے:
اس کی نیت یہ ہو کہ وہاں کے غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دے گا
یا وہاں مقیم مسلمانوں کو شریعت کے صحیح احکام بتائے گا
یا پھر کسی کو اپنے ملک میں بہت زیادہ معاشی مسائل درپیش ہیں اور بہت زیادہ کوششوں کے باوجود اسے اپنے ملک میں معاشی مسائل حاصل نہ ہو، حتی کہ وہ کھانے پینے کا محتاج ہو جائے، تو ان حالات میں اسے اگر کسی غیر مسلم ملک میں کوئی جائز ملازمت مل جا ئے، جس کی بنا پر وہ وہاں رہائش اختیار کرے، تو یہ بلا کراہت جائز ہے، اس شرط کے ساتھ کہ وہ اس بات کا اطمینان کر لے وہ وہاں جا کر عملی زندگی میں دین کے احکام پر عمل کرتا رہے گا اور وہاں رائج شدہ منکرات و فواحش سے اپنے آپ کو بچائے گا؛ لیکن اگر کوئی محض معاشرے میں معزز اوردوسرے مسلمانوں پر اپنی بڑائی ظاہر کرنے کے لیے کسی غیر مسلم ملک میں رہائش اختیار کرتا ہے، یا دارالکفر کی شہریت اور قومیت کو دارالاسلام کی قومیت پر فوقیت دیتے ہوئے اوراس کو افضل اور برتر سمجھتے ہوئے ان کی شہریت اختیار کرے، یا پھر اپنی عملی زندگی میں ان جیسا بننے کے لیے رہائش اختیار کرے، تو یہ مطلقا ناجائز اور حرام ہے اور اسی طرح اگر کسی کو اپنے ملک میں اس قدر معاشی وسائل حاصل ہوں جس کےذریعے وہ اپنے شہر کے لوگوں کے معیار کے مطابق زندگی گذار سکتا ہو، مگر وہ صرف اپنا معیار زندگی بلند کرنے کے لیےاورخوشحالی وعیش وعشرت کی زندگی گذارنے کے لیے کسی غیر مسلم ملک کی طرف ہجرت کرے تو یہ کراہت سے خالی نہیں، نیز جب اس سے بوقت ہجرت مسلمانوں کو نقصان پہچانے کا وعدہ بھی لیا جائے، توایسی صورت میں احتراز لازم ہے -مسلمان غیر مسلموں سے رواداری، ہمدری، خیر خواہی، عدل و انصاف اور احسان وسلوک سب کچھ کر سکتے ہیں اور ان کو اس کی تعلیم دی گئی ہے؛ لیکن ان سے ایسی گہری دوستی جس سے اسلام کےامتیازی نشانات گڈمڈ ہو جائیں اس کی اجازت نہیں –
كما قال الله تعالي في القرآن: يَا اَيُّهَا الَّذِيْنَ آمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا اَلْيَهُوْدَ وَالنَّصَارَی اَوْلِیَآءَ بَعْضُهُمْ اَوْلِيَآءُ بَعْضٍ وَمَنْ يَتَوَلَّهُمْ مَنْكُمْ فَانَّهُ مِنْهُمْ اِنَّ اللّهَ لَا يَهِْديْ اَلْقَوْمَ اَلْظَّالِمِيْنَ ۔
کما قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم : مَنْ تَشَبَّهَ بِقَوْمٍ فَهُوَ مِنْهُمْ
وايضا قال : اَلْمَرْءُ مَعَ مَنْ اَحَب
واللَّہ اعلم بالصواب
زوجہ ارشد
10 جمادی الاولی 1438
8 فروری 2017
صفہ آن لائن کورسز