عنوان:944
موضوع:فقہ المعاملات المالیہ
🔎سوال:
محترم جناب مفتیان کرام!
دراصل ایک کمپنی ہے جس میں ١٧ہزار کا پیکج ہے اگر ١٧ہزار انوسٹ کریں گےتو ہر ماہ تین ہزار روپے ملیں گے اور اگر کمپنی بند ہوجائے تو پورے پیسے ختم ہوجائیں گے اور اسی طرح جب اپنا اکاؤنٹ کھلوائیں گے تو جب کسی اور بندے کو بھی لائیں گے اس کا اکاؤنٹ کھلوانے کا آپ کو ١٥٠٠روپے پرافٹ ملے گا۔کسی کا دو ہزار روپے بھی مل سکتا ہے۔
والسلام
تنقیح :یہ کس قسم کی کمپنی ہے اور پرافٹ ملنے کی کیا صورت ہے ؟
جواب تنقیح:
چینل ٹائمز کے بارے میں پوچھے جانے والے بنیادی سوالات اور ان کے جوابات:
س1: چینل ٹائمز کیا ہے؟
ج1: چینل ٹائمز اٹلی کی کمپنی ہے جو کہ اشتہارات کی اشاعت میں ثالثی کا کردار ادا کرتی ہے. اس کمپنی کا بنیادی کام چینلز سے ٹائم خریدنا اور اشتہارات کے خواہشمند کمپنیز کو بیچنا ہے۔ جس کے لیے ایک بہت بڑی رقم درکار ہوتی ہے۔ یہ رقم یوزرز( یعنی کہ انویسٹر) سے لی جاتی ہے۔ جس کے بدلے میں کمپنی اپنے پرافٹ کا 70فیصد یوزرز کے ساتھ بانٹتی ہے۔ مزید معلومات ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے www.chtimez.com
س2: ہم اس میں کیسے انویسمنٹ کرسکتے ہیں۔
ج2: اس میں انویسٹمنٹ کرنے کا طریقہ نہایت آسان ہے۔ کمپنی آپ کو سیکنڈز بیچتی ہے۔ جو آپ خرید سکتے ہیں۔
س3: کیا ہم کمپنی میں براہ راست انویسٹمنٹ کرسکتے ہیں؟ ج3: نہیں آپ کمپنی میں براہ راست انویسمنٹ نہیں کرسکتے۔ آپکو انویسٹمنٹ کے لیے کسی کے ریفرنس کا سہارا لینا پڑے گا۔
س4: کم سے کم کتنی انویسٹمنٹ کر سکتے ہیں؟
ج4: کم سے کم آپ ایک سیکنڈ خرید سکتے ہیں جس کی قیمت 150$ ہے۔
س5: 150$ کی انویسٹمنٹ پر کتنا منافع ملتا ہے؟
ج5: 150$ کی انویسٹمنٹ پر 30$ ماہانہ ملتے ہیں۔ آپکو روزانہ 1$ ملتا ہے جو کہ مہینے کے آخر تک 30$ ہو جاتے ہیں۔
س6: یہ پیسے کیسے نکلواسکتے ہیں؟
ج6: انویسٹمنٹ کرتے وقت آپ کا پرفیکٹ منی اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے جس کے ذریعے آپ کمپنی کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع بھی کروا سکتے ہیں اور پیسے نکلوا بھی سکتے ہیں۔ آپ اپنی رقم
1-ایزی پیسہ اکاؤنٹ
2- اومنی اکاونٹ
3- جیز کیش یا پھر اپنے بینک اکاؤنٹ سے حاصل کر سکتے ہیں.
س7- کیا رقم ٹرانسفر کرتے وقت کوئی ٹیکس لگتا ہے؟
ج7- فنڈ ٹرانسفر کرنے پر ہر دفعہ 8 فیصد ٹیکس کٹوتی ہوگی۔
س8: کیا یہ رقم سود سے پاک ہے؟
ج8: جی ہاں یہ رقم سود سے پاک ہے. کیوں کہ سود ہوتا ہے جس میں ہم اپنی اصل رقم پر بغیر کسی محنت کے اضافی منافع کماتے ہیں اور ہماری اصل رقم برقرار رہتی ہے اور ہمیں کوئی نقصان کا خطرہ بھی نہیں ہوتا۔ لیکن چینل ٹائمز آپ کو اپنا پارٹنر بناتی ہے اور اپنا منافع آپ سے بانٹتی ہے۔ گویا کہ آپ کی اصل رقم برقرار نہیں رہتی۔
س9: رقم نہ ڈوبنے کی کیا ضمانت ہے؟
ج9: دنیا کا کوئی بھی کاروبار ایسا نہیں کہ جس میں رقم کے دو جانے کا خدشہ نہ ہو تا ہو۔ اسی طرح اسلامی ضابطہ کاروبار میں بھی وہ ہی بزنس حلال ہے جس میں نفع اور نقصان دونوں ہوں۔ لہٰذا اگر کمپنی نقصان میں چلی جاتی ہے تو اس بات کے قوی امکانات ہیں کے آپ کی رقم بھی ڈوب سکتی ہے۔ لیکن کمپنی کی موجودہ مالی حالت بہت مضبوط ہے۔ اور دن با دن مضبوط ہوتی جارہی ہے۔
س10- کیا ہم اپنی انکم کو 30$ سے بڑھا سکتے ہیں؟
ج10: جی ہاں- کمپنی آپکو بنیادی تیس ڈالر کے ساتھ ساتھ تین قسم کے بونس آفر کرتی ہے۔ لیکن اس کے لیے آپ کو مزید افراد کو اپنے under اس کاروبار میں شامل کرنا پڑتا ہے۔ جس کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
الجواب حامدۃو مصلية
کسی کمپنی میں سرمایہ جمع کرکے اس کا منافع حاصل کرنا دو شرطوں کے ساتھ حلال ہے، ایک یہ کہ وہ کمپنی شریعت کے اُصول کے مطابق جائز کاروبار کرتی ہو، پس جس کمپنی کا کاروبار شریعت کے اُصولوں کے مطابق جائز نہیں ہوگا اس سے حاصل ہونے والا منافع بھی جائز نہیں ہوگا۔
دوم: یہ کہ وہ کمپنی اُصولِ مضاربت کے مطابق حاصل شدہ منافع کا ٹھیک ٹھیک حساب لگاکر حصہ داروں کو تقسیم کرتی ہو، پس جو کمپنی بغیر حساب کے محض اندازے سے منافع تقسیم کردیتی ہے اس میں شرکت جائز نہیں۔ اسی طرح جو کمپنی اصل سرمائے کے فیصد کے حساب سے مقرّرہ منافع دیتی ہواورنفع نقصان کے حساب سے کم ذیادہ نہ کرتی ہو مثلاً: اصل رقم کا پانچ فیصد، اس میں بھی سرمایہ لگانا جائز نہیں، کیونکہ یہ سود ہے
تجارت میں شراکت نفع نقصان دونوں میں ہوگی محض نفع مقرر رکھنا سود ہے ۔
(مستفاد از شہید اسلام آپ کے مسائل اور انکا حل ،”وولیوم :٦”مضاربت یعنی شراکت کے مسائل )
جو صورت آپ نے لکھی ہےاس میں ایک تو چینل کا کام ہے جس میں ناجائز امور بہت زیادہ ہوتے ہیں دوسرا، یہاں ہر ماہ معین نفع مل رہا ہے ، حقیقی نفع کا فی صدی حصہ نہیں مل رہا اس لیے اس میں پیسے لگانے سے اجتناب کریں ۔ یہ سود ہے نیز عموما ایسے کاروبار دھوکا اور فراڈ ثابت ہوتے ہیں۔
و اللہ سبحانہ اعلم
✍بقلم : بنت سبطین عفی عنھا
قمری تاریخ:١٨ذوالقعدہ ١٤٣٩
عیسوی تاریخ:٣١جولائی ٢٠١٨
تصحیح وتصویب:مفتی انس عبد الرحیم صاحب
ہمارا فیس بک پیج دیکھیے.
فیس بک:
https://m.facebook.com/suffah1/
ہمارا ٹوئیٹر اکاؤنٹ جوائن کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں.
ٹوئیٹراکاؤنٹ لنک
ہماری ویب سائٹ سے وابستہ رہنے کے لیے کلک کریں:
ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں: