فتویٰ نمبر:732
سوال: کیا کلوننگ جائز ہے ؟
جواب :انسانوں میں کلوننگ کا تجربہ جائز نہیں کیونکہ اس سے بہت سارے مفاسد پیدا ہو جائیں گے مثلا ًکلوننگ کی وجہ سے نسب جس کی بدولت انسانیت کی بقاء ہے وہ ختم ہوجائے گا ۔اسی طرح عفت کا مسئلہ بھی قصہ پارینہ بن کر رہ جائے گا اور جرم کی ایسی فراوانی ہوگی کہ اس سے چھٹکارا حاصل کرنا بظاہر محال ہوگا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو دوسرے انسان سے ہر لحاظ سے مختلف پیدا کیاہے خصوصاً شکل وصورت میں ، اور یہ بات ظاہر ہے کہ شکل وصورت کی وجہ سے مجرموں کی شناخت آسان ہے جبکہ کلوننگ کی وجہ سے ایسے متعدد افراد کا وجود لازمی ہے جو شکل وصورت میں ہو بہو ایک جیسے ہونگے ۔ اب ان میں سے اگر کسی نے جرم کا ارتکاب کیا تو اصل مجرم کی شناخت اور پہچان ممکن نہیں ہوگی۔ جس کی وجہ سے معاشرہ میں خطرناک قسم کے لاینحل اور مشکل مسائل کھڑے ہو جائیں گے۔ بہر حال ان مفاسد کی وجہ سے انسانوں میں کلوننگ کا تجربہ ہر گز جائز نہیں۔