حج سے بچنے کے انوکھے بہانے

حج سے بچنے کے انوکھے بہانے

آج کل لوگوں کا یہ طریقہ ہوگیا ہے کہ بوڑھے ہونے کا انتظار کرتے ہیں، دنیاوی مشاغل ومعاملات کی وجہ سے حج میں دیر لگاتے ہیں پھر بعض تو حج کیے بغیر دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں اور بعض لوگ حج تو کرلیتے ہیں لیکن بوڑھے کھوسٹ ہونے کی وجہ سے حج کے احکام صحیح طریقے سے ادا نہیں کرپاتے اور بہت سے لوگ واجبات کو چھوڑ دیتے ہیں اور اس کی وجہ سے دَم واجب ہوجاتاہے۔ کچھ لوگ اولاد کی شادیوں کو عذر بتاتے ہیں اور بعض لوگوں کو تجارت روکتی ہے، شرعاً یہ چیزیں حج نہ کرنے کاعذر نہیں ہیں۔

جب سے پیسہ زیادہ ہوا ہے ،لوگ کثرت سے عمرہ کے لیے سفر کرنے لگے ہیں، عمرہ بھی بڑی چیز ہے، بڑے ثواب کاکام ہے،لیکن یہاں ایک بات قابلِ فکر ہے اور وہ یہ کہ بہت سے لوگ حج فرض ہونے کے بعد حج کا خرچہ عمرہ پر لگادیتے ہیں، اس کے بعد زندگی بھر حج سے محروم رہ جاتے ہیں اور کچھ لوگ ایسے ہیں کہ اپنے پورے خاندان کو عمرہ کے لیے لے آتے ہیں جبکہ ان کا یہ پیسہ ذاتی ہوتا ہے، اس پیسہ کو اہل وعیال کو عمرہ کراکے خود حج سے محروم ہوجاتے ہیں، کیونکہ بعد میں حج کے پیسے نہیں بچتے۔

حالانکہ عمرہ کرنا سنت ہے اور حج کرنا فرض ہے، عمرہ کرکے مطمئن ہوجانا اور حج کو چھوڑ دینا یا دنیاوی مشاغل کی وجہ سے بغیر حج کیے مرجانا بہت سخت بات ہے اور اس میں سخت مؤاخذہ کا اندیشہ ہے۔ جولوگ منیٰ وعرفات کی بھیڑ اور گرمی کی تکلیف کی وجہ سے حج نہیں کرتے ان میں اکثر تو وہ ہوتے ہیں جو استطاعت ہوتے ہوئے جوانی میں حج کا سفر نہیں کرتے، جو صحت، طاقت اور برداشت کا زمانہ ہے، پھر بڑھاپے میں بھیڑ سے ڈرتے ہیں اور حج نہیں کرتے اور بعض لوگ وہ ہیں جن پر بڑھاپے ہی میں حج فرض ہوتا ہے لیکن تکلیف سے گھبرا کر حج کی ہمت نہیں کرتے، جبکہ دنیا کمانے کے لیے بڑے بڑے سفر کرتے ہیں، لمبی لمبی ڈیوٹیاں دیتے ہیں، دنیا کے لیے گرمی وسردی سب کچھ برداشت کرتے ہیں، کھچا کھچ بھری ہوئی ریلوں اور بسوں میں کئی سو میل تک کا سفر کرتے ہیں لیکن دنیا سامنے ہے، نقد ہے، اس کے لیے تکلیف برداشت کر لیتے ہیں اور حج چونکہ اسلام کا رکن ہے اور اس کا ثواب آخرت میں ملے گا اس لیے ادھار سمجھ کر تکلیف برداشت کرنے سے جان چراتے ہیں۔

اگر حج میں تکلیف ہے اور مال کا خرچہ ہے تو ثواب بھی تو بہت زیادہ ہے، رسول اللہﷺ کا ارشاد ہے: ( الحج المبرور لیس لہ جزاء إلا الجنۃ ) حجِ مقبول کی جزا جنت ہے۔ ( رواہ البخاری ومسلم )

اپنا تبصرہ بھیجیں