السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مفتی صاحب: اگر کوئی شخص جماعت کےساتھ پہلی صف میں نماز پڑھ رہا ہو اور اسے حدث لاحق ہو جائےتو کیا اس کا صف کے سامنے سے گزرنا جائز ہے؟
اگر وہی جگہ خالی ہو تو کیا وضو کرنے کے بعد اسی جگہ جاکر نماز پڑھنا چاہیے یا جہاں جگہ مل جائے وہیں کھڑا ہو جائیں؟برائے کرم جواب عنایت فرماکر ممنون ومشکور فرمائیں۔
سائل متعلق از مفتی حارث صاحب
﷽
الجواب حامدا ومصلیا
نمازی کواگر حدث لاحق ہوجائےتو صف سے نکلنے کےلیے نمازیوں کے سامنے سےگزر جانے کی گنجائش ہے،اگر سامنے سے گزرنے کی جگہ نہ ہوتو صف کو چیر کر نکل جائے ۔
پھر وضو کرکے دیکھے اگر پہلی صف میں وہ جگہ پُر نہ ہوئی ہو تو پھر اسی طرح (نمازیوں کے سامنے گزر کر)اس جگہ جاکر نمازکومکمل کرلے اور اگر وہ جگہ پر ہوچکی ہو تو جہاں جگہ ملے وہیں کھڑے ہوکرنماز ادا کرے۔اگر سائل اسی نماز کو برقرار رکھنا چاہتاہے تواس کے مسائل کسی اچھے عالم یا مفتی صاحب سے پوچھ لیےجائیں ،لیکن اگر سائل اسی نماز کو برقرار رکھنے کا علم نہ رکھتا ہو یا دوبارہ شروع سے نماز میں شامل ہوناچاہتا ہو توپھر مسبوق کی طرح نیت باندھ لے۔
سنن ابن ماجه (1/ 385)
عَنْ عَائِشَةَ، قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ أَصَابَهُ قَيْءٌ أَوْ رُعَافٌ أَوْ قَلَسٌ أَوْ مَذْيٌ، فَلْيَنْصَرِفْ، فَلْيَتَوَضَّأْ ثُمَّ لِيَبْنِ عَلَى صَلَاتِهِ، وَهُوَ فِي ذَلِكَ لَا يَتَكَلَّمُ»
الهداية في شرح بداية المبتدي (1/ 59)
ومن سبقه الحدث في الصلاة انصرف فإن كان إماما استخلف وتوضأ وبنى “
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 636)
ولو كان فرجة فللداخل أن يمر على رقبة من لم يسدها لأنه أسقط حرمة نفسه فتنبه قال في القنية: قام في آخر الصف في المسجد بينه وبين الصفوف مواضع خالية فللداخل أن يمر بين يديه ليصل الصفوف لأنه أسقط حرمة نفسه فلا يأثم المار بين يديه، دل عليه ما ذكر في الفردوس برواية ابن عباس – رضي الله تعالى عنهما – عن النبي – صلى الله عليه وسلم – أنه قال «من نظر إلى فرجة في صف فليسدها بنفسه، فإن لم يفعل فمر مار فليتخط. على رقبته فإنه لا حرمة له» أي فليتخط المار على رقبة من لم يسد الفرجة.
احسن الفتاوی:(3/297ط ایچ ایم سعید)
”نماز کی اصلاح کے لیے نمازیوں کے سامنے سے گزرنا جائز ہے ،لہذا جاتے وقت سامنے سے گزر جائے اور واپسی تک اگر وہ جگہ خالی ہےتو سامنے سے گزر کر اس جگہ کو پُر کرلے ،بلکہ سامنے سے جانے کی جگہ نہ ہو تو صف کو چیر کر بھی جاسکتا ہے“۔
احسن الفتاوی:(3/412ط ایچ ایم سعید)
”۔۔۔۔۔بلکہ صف کو درمیان سے چیرنے کی بنسبت سامنے سےگزرنا اہون واولی ہے “………………………………………………..
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
محمد رفیق غفرلہ ولوالدیہ
نور محمد ریسرچ سینٹر
دھوراجی کراچی
8/رجب /1441
4/ فرورى/ 2020