ایمان کے شعبوں کا بیان :پہلی قسط
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ایمان کے ستر سے کچھ زائد شعبے ہیں، ان میں سے سب سے بڑا کلمہ طیبہ (( لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدُ رَسُوْلُ اللّٰہِ )) ہے اور سب سے چھوٹی بات یہ ہے کہ راستہ میں کوئی کانٹا،لکڑی، پتھر پڑا ہو ،جس سے چلنے والوں کو تکلیف ہو، اس کو ہٹا دے ۔اور شرم و حیا بھی ایمان کے شعبوں میں سے ایک شعبہ ہے۔‘‘
اس ارشاد سے معلوم ہوا کہ جب اتنی باتیں ایمان سے تعلق رکھتی ہیں تو پورا مسلمان وہی ہو گا جس میں سب باتیں ہوں گی اور جس میں کوئی ایک بات ہو، دوسری نہ ہو وہ ادھورا مسلمان ہے۔ لہذا ہر ایک مسلمان پر لازم ہے کہ ان سب باتوں کو اپنے اندر پیدا کرے ۔ ذیل میں ایمان کے شعبوں کی تفصیل لکھی جاتی ہے۔ کل ستتر (77) شعبےہیں:ان میں سے 30 کا تعلق” دل” سے ہیں ،7 کا تعلق “زبان” سے ہیں،اور باقی 40 کا تعلق دیگر اعضاء سے ہیں۔
دل سے متعلق
1.اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا۔
2.یہ اعتقادرکھنا کہ دنیا میں کسی چیز کا کوئی وجود نہیں تھا ،سب چیزیں اللہ تعالیٰ کے پیدا کرنے سے پیدا ہوئیں۔
3.یہ یقین رکھنا کہ فرشتے موجود ہیں۔
4.یہ یقین رکھنا کہ اللہ تعالیٰ نے جتنی کتابیں پیغمبروں پر اُتاری ہیں وہ سب سچی ہیں، البتہ اب چونکہ قرآن مجید کے سوا دوسری کتابیں اصلی حالت میں محفوظ نہیں، اس لیے ان پر عمل نہیں رہا۔
5.یہ یقین رکھنا کہ سب پیغمبر سچے ہیں، البتہ اب صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر چلنے کا حکم ہے۔
6.یہ یقین رکھنا کہ اللہ تعالیٰ کو سب باتوں کی پہلے ہی سے خبر ہے اور جو ان کو منظور ہوتا ہے وہی ہوتا ہے۔
7.یہ یقین رکھنا کہ قیامت آنے والی ہے۔
8.جنت کو ماننا۔
9.دوزخ کو ماننا۔
10.اللہ تعالیٰ سے محبت رکھنا۔
11.رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت رکھنا۔
12.کسی سے بھی اگر محبت یا دشمنی کرے تو اللہ تعالیٰ ہی کی خاطر کرنا۔
13.ہر کام میں اللہ کی رضا کی نیت کرنا۔
14.گناہوں پر پچھتانا۔
15.اللہ تعالیٰ سے ڈرنا۔
16.اللہ تعالیٰ کی رحمت کی امید رکھنا۔
17.شرم کرنا۔
18.نعمت کا شکر کرنا۔
19.وعدہ پورا کرنا۔
20.صبر کرنا۔
21.اپنے آپ کو دوسروں سے کم سمجھنا۔
22.مخلوق پر رحم کرنا۔
23.جو کچھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہو اس پر راضی رہنا۔
24.اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرنا۔
25.اپنی کسی خوبی پر نہ اترانا۔
26.کسی سے کینہ اور بغض نہ رکھنا۔
27.حسد نہ کرنا۔
28.غصہ نہ کرنا۔
29.کسی کا برا نہ چاہنا۔
30.دنیا سے محبت نہ رکھنا۔
سات باتیں زبان سے متعلق ہیں:
1-زبان سے کلمہ پڑھنا۔
2-قرآن شریف کی تلاوت کرنا۔
3-علم سیکھنا۔
4-علم سکھانا۔
5-دعا کرنا۔
6-اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا۔
7-لغو اور گناہ کی بات، جیسے: جھوٹ، غیبت، گالی، گانا وغیرہ سے بچنا۔
(جاری ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔)