چھپکلی مارنے کا حکم

سوال: سوال: چھپکلیاں گھر میں ہو تو انھیں مارنا چاہیے یا نہیں مارنا چاہیے کیوںکہ میں نے ایک جگہ پڑھا تھا کہ انھیں مارنے سے بہت زیادہ ثواب ملتا ہے اور ایک ہی دفعہ مارنے سے زیادہ ثواب ملتا ہے لیکن ہماری امی جان وہ مارنے سے منع کرتی ہیں کہ نہ مارو تو ہم اب بلکل نہیں مارتے لیکن اب میں جس گھر میں رہتی ہوں وہاں چھپکلیاں ہونے لگی ہیں، مجھے عجیب لگتی ہے، بتائیے گا کہ کیا کرنا ہے انکا؟

جواب: واضح رہے کہ چھپکلی ایک موذی یعنی ایذا دینے والی مخلوق ہے اور ایذا دینے والےحشرات کو شریعت میں مارنے کی اجازت دی ہے، چنانچہ صحیح مسلم کی حدیث میں ہے آپﷺ نے چھپکلی کو ’’فویسق‘‘ کا نام دیا ہےاور اسے مارنے کا حکم دیا ہے۔ فویسق ان جانوروں کو کہتے ہیں جو تکلیف دہ اور مضرت رساں ہوں۔

لہذا صورتِ مسؤلہ میں آپ کی والدہ کا چھپکلی مارنے سے منع کرنا درست نہیں،بلکہ چھپکلی کو مارنا درست ہے اور ثواب کا کام ہے ۔

چنانچہ حدیث مبارک میں ہے:

عن أبي ہریرة أن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال: من قتل وزغة بالضربة الأولی کان لہ کذا وکذا حسنة فإن قتلہا في الضربة الثانیة کان لہ کذا وکذا حسنة فإن قتلہا في الضربة الثالثة کان لہ کذا وکذا حسنة․

ترجمہ :ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو چھپکلی کو پہلی چوٹ میں مارے گا اس کو اتنا ثواب ہو گا، اگر اس کو دوسری چوٹ میں مارے گا تو اس کو اتنا ثواب ہو گا اور اگر اس کو تیسری چوٹ میں مارے گا تو اس کو اتنا ثواب ہو گا“

(رواہ الترمذي وقال: حدیث أبي ہریرة حدیث حسن صحیح: ۱/۲۷۳، أبواب الصید، باب في قتل الوزغ)

فتاوی رحیمیہ میں ہے:

چھپکلی موذی جانور ہے وہ کھانے پینے کی چیزوں میں اپنے منہ کا لعاب ڈال دیتی ہے تو ا س میں زہریلے اثرات پیدا ہوجاتے ہیں اور اس کی کھانے سے طبیعت پر بہت برا اثر پڑتا ہے ، ہمارے علم میں ایسے واقعات ہیں کہ ایسا کھانا کھانے کی وجہ سے پورے گھر والوں کو ایک دم ہسپتال جانا پڑا۔ (فتاوی رحیمیہ: 187 )

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حوالہ جات

▪️’ أن النبي ا أمر بقتل الوزغ ، و سماہ فویسقا ‘‘ عن عامر بن سعید ، عن أبیہ۔

ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وزغ کو مار ڈالنے کا حکم دیا اور اس کا نام فویسق رکھا (یعنی چھوٹا فاسق)۔

(صحیح مسلم ، حدیث نمبر : ۲۲۳۸ ، باب استحباب قتل الوزغ ، کتاب السلام )

▪️اَلضَّرَرُ یُزَالُ۔

ترجمہ: “ضرر دور کیا جائے گا”۔

(الأشباہ والنظائر لإبن نجیم :ص۳۰۵)

▪️”وزغ وزغۃ کی جمع ہے اور وزغ کا مصداق جس طرح گرگٹ ہے اسی طرح چھپکلی بھی ہے ، مصباح اللغات اور المنجداردو میں تو ورغۃ کا ترجمہ چھپکلی کیا گیا ہے ، چنانچہ مصباح اللغات میں ہے ۔

الوزغۃ چھپکلی وزغ ووزاغ واوزاع وزغان (مصباح اللغات) المنجد مترجم اردو میں ہے ۔

الوزغۃ: چھپکلی ج وزع ووزاغ واوزاغ ووزغان (المنجد)

واللہ اعلم بالصواب

اپنا تبصرہ بھیجیں