فتویٰ نمبر:457
چیونگم کو کچھ صرف وقت گزاری کے لیے، کچھ منہ کی بدبو زائل کر نے کے لیے اور بعض اسے جبڑوں کی ورزش (Exercise) کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ایسے بھی لوگ ہیں جو منہ کے ذریعے چیونگم کے غبارے بنا کر لطف اٹھاتے ہیں، جبکہ حیرت انگیز طور پر بعض لوگ اسے دانتوں کی مضبوطی کا باعث بھی گردانتے ہیں۔
عام طور پر لوگ چیونگم کو نگلتے نہیں اور اسی باعث ان کا خیال ہے کہ اس میں کوئی مضرت اور نقصان کی بات نہیں ہے۔ نیز اس بات سے بھی بے فکر ہوتے ہیں کہ چیونگم کے اجزائے ترکیبی کیا ہیں۔ یہ حقیقت ضرور پیش نظر رہنی چاہیے کہ چیونگم کے مضر صحت اجزا ہمارے خون کے بہاؤ کے ساتھ تیزی سے سفر کرتے ہیں اور عمومی نظام ہضم کے فلٹریشن کے عمل سے گزرے بغیر ہی براہ راست منہ کی دیواروں کے ذریعے ہمارے خون میں جذب ہو کر مختلف بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔
چیونگم کے عام اجزائے ترکیبی
چیونگم کے مختلف برانڈز میں عمومی طور پر استعمال ہونے والے اجزائے ترکیبی یکساں ہیں جو کہ درج ذیل ہیں: اسپارٹیم (Aspartame)
چیونگم کی تیاری میں اس کیمیائی مادے کا بھر پور استعمال کیا جاتا ہے۔ غذائی صنعت ((Food Industry) اسپارٹیم کو بطور چینی کے استعمال کرتی ہے، حالانکہ یہ اضافی مادہ (Additive) ہے، یعنی تیار شدہ غذا کا ذائقہ بہتر بنانے کی خاطر اس کو شامل کیا جاتا ہے۔ مگر ماہرین کے مطابق اسپارٹیم غذائی صنعت (Food Industry) میں استعمال ہونے والا سب سے خطرناک مادہ ہے۔
بی ایچ ٹی (BHT)
یہ کیمیائی مادہ تکسیدِ مخالف (Antioxidant) اور ایک حفاظتی جزو ترکیبی (Preservative) ہے۔ یہ مادہ غذاؤں کے رنگ، ذائقے اور خوشبو کو طویل عرصے تک بر قرار رکھتا ہے۔ جدید سائنسی تحقیق کی رو سے بی ایچ ٹی کی زیادتی انسانی جسم کے اہم اعضا، جگر اور گردوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ الرجی، دانتوں کی تکلیف اور جسمانی کمزوری کا باعث بھی بنتی ہے۔
کیلشیم کیسین پیپٹون کیلشیم (Calcium casein peptone-calcium) طویل و ثقیل نام پر مشتمل یہ مادہ چیونگم کو سفید بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اس مادے میں شامل کیسین سینے کی جلن، بد ہضمی اور الرجی کا باعث بنتے ہیں۔
گم بیس (Gum Base)
چیونگم بنانے والے کئی اجزا کو عوام سے پوشیدہ رکھتے ہیں۔ مینو فیکچررز کا کہنا ہے کہ یہ اجزا ’’تجارتی راز‘‘ (Trade Secrets) ہیں اور عوام کا کوئی حق نہیں کہ وہ ان رازوں کو جاننے کی کوشش کریں۔ وہ ان اجزا کے لیے ’’گم بیس‘‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں، جبکہ دی ہیلتھ وائز رپورٹ ( The Health Wyze Report) کے مطابق چیونگم بنانے والے گم بیس کے اجزا کو بھی درج ذیل مختلف گروہوں میں تقسیم کرتے ہیں:
1 چیونگم کو لچک فراہم کرنے کے لیے (Elastomers) کا استعمال کیا جاتا ہے۔
2 گم بیس کی مکمل ملاوٹ کے لیے (Plasticizers) استعمال کیا جاتا ہے۔
3 چیونگم کی مجموعی ساخت کی بناوٹ کے لیے (Fillers) کا استعمال کیا جاتا ہے۔
4 گم بیس اور ذائقے کی حفاظت کے لیے تکسیدِ مخالف (Antioxidant) کا استعمال کرتے ہیں۔
اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ ’’گم بیس‘‘ ایک عمومی اور مبہم اصطلاح ہے اور یہ خود کئی اجزا کا مجموعہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس طرح کی مبہم اصطلاح استعمال کرنے اور اجزا کے حقیقی نام چھپانے کا مقصد کیا ہے؟
ٹائیٹینیم ڈائی آکسائڈ (Titanium Dioxide)
یہ مادہ چیونگم کی کوٹنگ کرنے میں کام آتا ہے اور بیرونی جلد کے کینسر کا باعث ہے۔
لہٰذا درج بالا تمام مضر صحت اجزائے ترکیبی (Ingredientss) میں سے کوئی جز کسی بھی مصنوع میں استعمال ہو تو اس پروڈکٹ کو استعمال کرنے سے قبل اس کے مضر صحت اثرات کا ایک مرتبہ تصور ضرور کیجیے۔ اپنے بچوں کی بہترین نگہداشت کے لیے ضروری ہے کہ انہیں حرام، ’’مشبوہ‘‘ اور مضر صحت اجزائے ترکیبی (Ingredients) کے بارے میں وقتاً فوقتاً معلومات فراہم کی جائیں اور ان اجزا کے نام بھی ان کو یاد کروائے جائیں اور ساتھ ہی ساتھ بچوں میں یہ شعور بھی بیدار کیا جائے کہ کسی بھی پروڈکٹ کو خریدنے سے پہلے Ingredient list اور Expiry Date کو ضرور چیک کریں کیونکہ یہ جان اللہ پاک کی امانت ہے اور اس کی حفاظت ہم پر فرض ہے۔