اگر طواف و سعی کے چکروں میں شک ہوجائے تو کیا کرے؟
اگر طواف کے دوران یہ یاد نہ رہے کہ کتنے چکر ہوئے ہیں تو:
1۔ اگر وہ طواف عمرہ یا طواف زیارت ہے تو جس چکر کے بارے میں شک ہو اس چکر کا اعادہ کرلے۔ مثال کے طور پر یہ شک ہوگیا کہ دو چکر ہوئے ہیں یا تین تو دراصل شک تیسرے چکر کے بارے میں ہوا ہے تو یہ چکر دہرا لیں (تاکہ تین چکر کا یقین ہو جائے۔)
2۔اگر سنت یا نفل طواف میں شک ہوجائے تو اپنے غالب گمان پر عمل کرے۔ مثال کے طور پر دوسرے یا تیسرے چکر میں شک ہوجائے تو اگر غالب گمان ہو کہ دو چکر ہوئے ہیں تو دو ہی سمجھے اور تیسرا کرلے۔ اگر غالب گمان ہو کہ تین چکر ہوئے ہیں تو تین ہی سمجھے اور آگے چوتھا چکر کر لے۔
3۔اگر سعی کے چکروں میں شک ہوجائے تو کم کو یقینی سمجھ کر باقی چکر پورے کریں۔ مثلاً شک ہو جائےکہ 5 چکر ہوئے ہیں یا 6 تو 5سمجھ کر دو چکر اور کرلیں۔
4۔ اگر کوئی شخص بھول کر یا ساتویں چکر کے شبہ میں طواف کا آٹھواں چکر بھی کر لے تو کچھ حرج نہیں۔طواف درست ہے۔
5۔ اگر کوئی جان بوجھ کر آٹھواں چکر بھی کرلے تو اس کو چھ چکر اور ملاکر سات چکر پورے کرنے واجب ہیں۔ اس طرح یہ دو طواف ہو جائیں گے۔