مسواک کی جگہ ٹوتھ پیسٹ اور برش کا استعمال
مسواک کی دو حیثیتیں ہیں: ایک یہ کہ وہ عبادت اور رسول اﷲﷺکی سنت ہے۔ اس حیثیت سے عین اسی طریقہ کو اختیار کرنا ضروری ہے جو آپ ﷺ نے اختیار فرمایا ہے، اور رسول اﷲﷺکا مسواک میں جو طریقہ منقول ہے وہ یہ ہے کہ آپﷺ لکڑی استعمال فرمایا کرتے تھے، لکڑی موجود نہ ہونے کی صورت میں آپ ﷺ نے انگلی پر اکتفا کرنے کا حکم دیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ مسواک کی سنت اسی وقت ادا ہو سکتی ہے جب لکڑی یا انگلی سے دانت ملے جائیں۔
مسواک کی دوسری حیثیت ایک عام انسانی عادت کی ہے کہ مسواک کا مقصد دانتوں کی صفائی اور بد بو کا ازالہ ہے۔ اس لحاظ سے ٹوتھ پیسٹ اور برش کا استعمال بھی کافی ہے۔ ( جدید فقہی مسائل : ۴۵ )