وضو توڑنے والی چیزیں
1- پاخانہ، پیشاب اور ہوا جو پاخانہ کے مقام سے نکلے اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
2-عورت کو ہاتھ لگانے یا عورتوں کا خیال کرنے سے آگے کی راہ سے جوپانی آجائے اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے اور اس پانی کو جو اس وقت نکلتا ہے ’’مذی‘‘ کہتے ہیں۔
3-مرد کے پیشاب کے مقام سے جب عورت کا پیشاب کا مقام مل جائے اور کچھ کپڑا وغیرہ بیچ میں نہ ہو تو وضو ٹوٹ جاتا ہے، چاہے کچھ نکلے یا نہ نکلے۔
4-بواسیر کا مسہ نکلنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
5- منی اگر بغیر شہوت خارج ہو تو وضو ٹوٹ جائے گا، مثلاً : کسی نے کوئی بوجھ اٹھایا یا کسی اونچے مقام سے گرپڑا اورچوٹ کی وجہ سے منی بغیر شہوت خارج ہوگئی۔
6- آگے یا پیچھے کی راہ سے کوئی چیز جیسے: کیڑا،کنکری وغیرہ نکلے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
7- اگر عورت نے اپنی شرمگاہ کے اندر تیل ٹپکایا یایادوائی لگائی تو اس کے باہر نکل آنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
8- بواسیر کے علاج کے لیے کوئی تیل یا مرہم پاخانے کے مقام کے اندر لگایا۔ اگر وہ باہر نکل آئے تو وضو ٹوٹ جائے گا۔
9- عورتوں کولیکوریاکی بیماری کی وجہ سے جو لیس دار پانی آگے کی طرف سے آتا ہے وہ پانی نجس ہے اور اس کے نکلنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
10- جو ہوا مرد اور عورت کے پیشاب کے مقام سے نکلے تو اس سے وضو نہیں ٹوٹتا۔
11- عورت کے اندرونی معائنہ کے لیے اگر لیڈی ڈاکٹر نے شرمگاہ میں انگلی داخل کی اورپھرنکالی تو وضو ٹوٹ جائے گا۔
12- ولادت سے پہلے جو پانی نکلتا ہے وہ نفاس نہیں، بلکہ نجس رطوبت ہے ،جس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، لیکن اس کے نکلنے سے نماز معاف نہیں ہوگی۔
13-خون نکلوانے، نکسیر پھوٹنے اور بدن کے کسی بھی حصے میں پھوڑے پھنسی یا زخم سے خون یا پیپ نکلنے سے وضو ٹوٹ جائے گا، البتہ اگر خون یا پیپ زخم اوراس کےورم سے آگے نہیں بڑھا تو وضو نہیں ٹوٹتا،لہٰذا اگر کسی کو سوئی (وغیرہ) چبھ گئی اور خون نکل آیا لیکن بہا نہیں تو وضو نہیں ٹوٹا اوراگر ذرا بھی بہہ پڑا ہو تو وضو ٹوٹ گیا۔