بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
ہفتے کے سات دنوں میں جمعہ کا دن اللہ تعالٰیٰ کے خاص الطاف و عنایات کا دن ہے-میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جمعہ کا دن اللہ تعالٰیٰ کے ہاں سب سے زیادہ عظمت والا دن ہے-
جب جمعہ کا دن آ تا ہے تو فرشتے مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور شروع میں آنے والوں کے نام یکے بعد دیگرے لکھتے ہیں پھر جب امام خطبہ کے لیے منبر پر جاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے لکھنے کے دفتر لپیٹ لیتے ہیں اور خطبہ سننے میں شریک ہو جاتے ہیں – میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو جمعہ کے دن اول وقت میں آگیا اور اسے صف اولی میں جگہ ملی اسے ایک اونٹ قربان کرنے کا اجر ہے-
جو اس کے بعد آ یا اسکی مثال اس شخص کی سی ہے جس نے گائے کی قربانی پیش کی- پھر اس کے بعد آ نے والے کی مثال مینڈھا پیش کرنے والے کی ہے-اس کے بعد آ نے والے کی مثال مرغی قربان کرنے والے کی سی ہے-
پھر جب امام خطبہ کے لیے کھڑا ہو گیا تو ملائکہ اپنے صحیفے لپیٹ کر خطبہ سننے کے لیے بیٹھ جاتے ہیں –
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللّٰہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا: “جو شخص بغیر کسی مجبوری کے جمعہ کی نماز چھوڑے گا وہ اللہ تعالیٰ کے دفتر میں منافق لکھا جائے گا-” (مسند شافعی)
جمعہ کے مستحب اعمال:
1-غسل یا وضو کرنا –
2-صاف و پاک کپڑے پہننا-
3-مسواک کرنا-
4- خوشبو لگانا-
5-پیدل مسجد جانا-
6- صف اولی میں بیٹھنا-
7- خطبہ دھیان سے سننا-
8- کوئ گفتگو نہ کرنا-
9- نماز پڑھ کر دعا کرنا-
10-جمعہ کے دن درودشریف کا کثرت سے اہتمام کرنا-
حدیث نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہے”جو شخص جمعہ کے دن سورہ الکھف پڑھ لیتا ہے اسکے ئے اس جمعہ سے آنے والے جمعہ کے درمیان ایک نور روشن رہے گا”(مشکوۃ)
مرسلہ: خولہ بنت سلیمان