حج اسباق
✍(مفتی) محمدانس عبدالرحیم
حجِ قران اور حجِ افراد کا طریقہ
🏵 گزشتہ دو اسباق کا خلاصہ:
گزشتہ دواسباق میں حج تمتع کا طریقہ بیان ہوا تھاجس کا خلاصہ یہ ہے کہ اپنے ملک کی میقات سے صرف عمرے کا احرام باندھ کر مکہ آتے ہیں ،عمرہ کرتے ہیں اور عمرہ کرکے حلق یا قصر کراکے احرام کی پابندیوں سے نکل جاتے ہیں،پھر حج کے دنوں میں حج کا احرام مکہ سے باندھتے ہیں اور حج ادا کرتے ہیں۔
🕋. حج قران اور حج تمتع میں فرق:
حج قران بھی حج تمتع کی طرح کرتے ہیں۔البتہ کچھ فرق ہیں:
ایک فرق یہ ہے کہ حج قران میں باہر کی میقات سے ہی عمرہ اورحج دونوں کا احرام اکٹھا باندھتے ہیں جبکہ حج تمتع میں عمرے اور حج دونوں کا احرام اپنے اپنے وقت میں الگ الگ باندھا جاتا ہے۔
دوسرا فرق یہ ہے کہ عمرہ سے فارغ ہونے کے بعد حج قران میں حج کاطواف قدوم بھی کرتے ہیں جبکہ حج تمتع میں طواف قدوم سنت نہیں ہے۔
تیسرا فرق یہ ہے کہ حج قران کے عمرہ کے بعدحلق نہیں کراتے، حج تمتع میں کرواتے ہیں۔
🕋 حج افراد کا طریقہ:
حج افراد یعنی صرف حج کرنا ہو عمرہ ساتھ نہ کرناہوتو اس کا بھی یہی طریقہ ہے ۔ اتنافرق ہے کہ شروع سے احرام صرف حج کا باندھتے ہیں۔ طواف قدوم بھی کرتے ہیں ۔ اور اس میں قربانی کرنا مستحب ہے ۔واجب نہیں۔جبکہ حج تمتع اور قران میں قربانی واجب ہے۔
🕋. حج افراد کو حج تمتع یا قران سے بدلنا:
یہ مسئلہ پوچھاگیا ہے کہ ایک شخص نے اپنے ملک سے حج افراد کا احرام باندھا پھر مکہ جاکر خیال آیا کہ اسے قران یا تمتع سے بدل دوں تو اس کا کیا حکم ہے؟
جواب یہ ہے کہ حج افراد کو حج تمتع سے نہیں بدل سکتے ؛کیونکہ حج تمتع میں پہلے عمرے کا احرام ہوتا ہے اور اس سے حلال ہوکر حج کے دنوں میں حج کا احرام مکہ سے باندھاجاتاہے اور یہ صورت یہاں ممکن نہیں کیونکہ یہ اپنے وطن سے حج کا احرام باندھ کر آیاہے ،عمرے کا نہیں۔دوسرا یہ کہ جب حج کا احرام باندھ لیا تو اس سے حج کیے بغیر حلال نہیں ہوسکتے۔یعنی تمتع کی طرح عمرے سے حلال ہو کر مکہ سے نیا احرام باندھنا اس کے لیے ممکن نہیں۔
البتہ اس کے لیے حج قران کی صورت نکل سکتی ہے اور وہ یہ کہ گو کہ اس نے صرف حج کا احرام باندھاہے لیکن وہ حج کےطواف قدوم سے پہلے عمرہ کرلے اور پھر حج کے دنوں میں حج کےارکان اداکرے اس طرح ایک سفر میں حج وعمرہ درمیان میں حلال ہوئے بغیر اداہوجائیں گےاور یہی قران ہے کہ اس میں درمیان میں حلال ہونا درست نہیں ہوتا،گو کہ اس طرح اس کا حج قران اداہوگالیکن اس صورت کوفقہانے نامناسب قرار دیاہے۔(معلم الحجاج:ص277مکتبہ تھانوی)
🌷دارالافتاء جامعۃ السعید کراچی🌷
👇مزیداچھی پوسٹس کے لیے وزٹ کرتے رہیے👇:
www.suffahpk.com