کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ روزہ کی حالت میں ( vicks inhaler )
1) انہیلر جسے نزلہ وغیرہ میں سونگھا جاتا ہے مفسد صوم ہے یا نہیں ۔
2) اور آکسیجن (oxygen ) کا پہنچنا مفسد صوم ہے یا نہیں ۔
3) اور دمہ (asthama ) کے علاج کے لیے ( asthametic inhaler ) انہیلر کا استعمال مفسد صوم ہے یا نہیں ۔
4) اور بھپارا ( inhalwtion ) جسے ناک کےذریعہ اوپر کی طرف کھینچا جاتا ہے مفسد صوم ہے یا نہیں
برائے مہربانی تسلی بخش جواب دیں
الجواب حامداومصلیا
1۔ عام انہیلر کے بارے میں ماہرین فن یہ کہتے ہیں کہ اس کےا سپرے کے ذرات حلق تک پہنچ جاتے ہیں اور چونکہ حالت روزہ میں دوا یا غذا حلق تک پہنچنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اس لیے ایسے انہیلر کے اسپرے سے روزہ ٹوٹ جائے گا ۔ ( ماخذہ التبویب 836/7)
2۔ اگر مریض کو دی جانے والی مصنوعی آکسیجن ، عام ہوا میں پائی جانے والی آکسیجن پر ہی مشتمل ہوا وراس میں کسی شکل میں کوئی دوا یا مادی چیز بالکل شامل نہ ہو تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوگا اوراگراس میں کسی بھی شکل میں کوئی دوا یا مادی چیز شامل ہو تو روزہ فاسد ہوجائیگا ۔ ( ماخذہ التبویب بتصرف یسیر 515/75 )
3۔ انہیلر کےاستعمال سے چونکہ دوا کے ذرات حلق تک پہنچ جاتے ہیں لہذا اس کے استعمال سے روزہ ٹوٹ جائے گا ، چاہےاس کا استعمال دمہ کے مریض کے واسطے ہو یا کسی اور مقصد سے ہو۔ البتہ اگر روزہ کی حالت میں دمہ کے مرض کی وجہ سے انہیلر کا استعمال کرنا پڑجائے تواس کی وجہ صرف قضاء لازم ہوگی کفارہ واجب نہیں ہوگا ۔
واضح رہے کہ بھاپ خود پانی ہے لہذاروزہ کی حالت میں بھاپ خود بزریعہ ناک لی جائے یا بذریعہ منہ ، دونوں صورتوں میں اگر پانی حلق تک پہنچ گیا توروزہ فاسد ہوجائیگا ۔ ( ماخذہ التبویب 452/ 40)
لما فی الشامیۃ 2/417 )
وفی الدر المختار 2/422 )
دارالافتاء دارالعلوم کراچی