سوال: آج کل پائپ سسٹم میں یہ رواج ہے کہ مکان کی چھت پرپانی کی ایک ٹینکی ہوتی ہے اورہینڈپمپ کے ذریعہ نیچے سے اس میں پانی جمع کرلیاجاتاہے اس ٹینکی سے تمام مکان میں پانی پہنچایا جاتاہے تواگر اوپرسے پانی ٹینکی میں ڈالا جارہاہو اور نیچے سے پائپ کے ذریعہ پانی نکل رہاہو توکیایہ پانی ” ماءِجاری” ہوگا یانہیں ؟
2) اوراگرایسی ٹینکی میں نجاست اس وقت گرے جبکہ پانی ٹہراہواہو کسی ایک جانب سے یادونوں جانبوں سے پانی نہ نکل رہاہو توجس وقت وہ پانی جاری ہوگااس وقت وہ ٹینکی پاک ہوجائے گی یانہیں؟
الجواب حامداًومصلیاً
صورتِ مسئولہ میں اگر اوپر سے پانی ٹینکی میں ڈالا جارہاہو اور نیچے سے پائپ کے ذریعہ سےپانی نکل رہاہوتویہ پانی ماء جاری کے حکم میں ہوگا۔
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) – (1 / 187)
وَالْعُرْفُ الْآنَ أَنَّهُ مَتَى كَانَ الْمَاءُ دَاخِلًا مِنْ جَانِبٍ وَخَارِجًا مِنْ جَانِبٍ آخَرَ يُسَمَّى جَارِيًا وَإِنْ قَلَّ الدَّاخِلُ،…………وَلَوْ أَجْرَى مَاءَ الْإِنَاءَيْنِ فِي الْأَرْضِ صَارَ بِمَنْزِلَةِ مَاءٍ جَارٍ
دوسری صورت میں اگرایسی ٹینکی میں نجاست اس وقت گرے جبکہ پانی ٹہرا ہواہو کسی جانب سے پانی نہ نکل رہاہو توجس وقت وہ پانی جاری ہوگا اس وقت وہ ٹینکی پاک ہوجائے گی،بشرطیکہ نجاست اور اس کےاثرات سےوہ پانی پاک ہو۔
الفتاوى الهندية – (1 / 17)
حَوْضٌ صَغِيرٌ تَنَجَّسَ مَاؤُهُ فَدَخَلَ الْمَاءُ الطَّاهِرُ فِيهِ مِنْ جَانِبٍ وَسَالَ مَاءُ الْحَوْضِ مِنْ جَانِبٍ آخَرَ كَانَ الْفَقِيهُ أَبُو جَعْفَرٍ – رَحِمَهُ اللَّهُ – يَقُولُ: كَمَا سَالَ مَاءُ الْحَوْضِ مِنْ الْجَانِبِ الْآخَرِ يُحْكَمُ بِطَهَارَةِ الْحَوْضِ وَهُوَ اخْتِيَارُ الصَّدْرِ
الشَّهِيدِ رَحِمَهُ اللَّهُ. كَذَا فِي الْمُحِيطِ وَفِي النَّوَازِلِ وَبِهِ نَأْخُذُ كَذَا فِي التَّتَارْخَانِيَّة
وَإِنْ دَخَلَ الْمَاءُ وَلَمْ يَخْرُجْ وَلَكِنَّ النَّاسَ يَغْتَرِفُونَ مِنْهُ اغْتِرَافًا مُتَدَارَكًا طَهُرَ