سوال: وضو میں ہاتھ اور پاؤں کی انگلیوں کے خلال کا کیا طریقہ ہے؟
فتویٰ نمبر:130
جواب: وضو میں ہاتھ کی انگلیوں کا خلال اس طرح کیاجاتاہے کہ پہلے الٹے ہاتھ کی انگلیوں کو سیدھے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کرکہنی کی طرف لے جائے ۔ پھر سیدھے ہاتھ کی انگلیاں الٹے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر کہنی کی طرف لے جائے یا پھر دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایک ہاتھ کی انگلیوں کو دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر خلال کرے اور ہاتھ میں چھلہ وغیرہ ہو تو ہلالے ۔ پاؤں کی انگلیوں کا خلال الٹے ہاتھ کی چھنگلی سے کرے سیدھے پاؤں کی چھنگلی سے شروع کر کے الٹے پاؤں کی چھنگلی پر ختم کرے ۔
” جیسا کہ ” بہشتی زیور ” میں ہے : ” ایک ہاتھ کی انگلیوں کو دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر خلال کرے ۔ انگوٹھی چوڑی جو کچھ ہاتھ میں ہو ہلالے ، کہیں سوکھا نہ رہ جائے ۔ اور بائیں ہاتھ کی چھنگلیاں سے پیر کا خلال کرے پیر کی داہنی چھنگلیاں سے شروع کرے اور بائیں چھنگلیاں پر ختم کرے ” ( بہشتی زیور : صفحہ 45)