سوال:فرض نماز کی اندر اگر فون آجائے توکیاکیاجائے؟
جواب:اوّلاً تونماز کیلئےمسجد جاتے وقت موبائل فون بند کرنے کا اہتمام کرنا چاہئےورنہ کم ازکم موبائل فون کی گھنٹی بند کردینی چاہئے تاکہ دورانِ نماز گھنٹی بجنے سےکوئی خلل واقع نہ ہو،لیکن اگر اہتمام کے باوجودکبھی غلطی سے یا بھولے سےگھنٹی بندنہ کرسکیں اور دورانِ نمازگھنٹی بجنے لگے،تو عملِ کثیر کا ارتکاب کیے بغیرایک ہاتھ سےگھنٹی بند کردینی چاہئے تاہم اگرایک ہاتھ سے بند کرنا ممکن نہ ہوتو دونوں ہاتھوں کے استعمال سےپرہیز کیا جائےکیونکہ اس سے نماز کے فاسد ہونے کا اندیشہ ہے۔
البتہ موبائل فون کوجیب سے نکال کربند کرنے سے اجتناب بہتر ہےتاہم اگر کبھی جیب سے نکال کر گھنٹی بند کرلیں تو عملِ کثیر میں شامل نہ ہونے کی وجہ سےنماز فاسد نہیں ہوگی بشرطیکہ یہ ایک ہاتھ سے ہواور مسلسل نہ ہو،یعنی اگر گھنٹی بند کرنے کے بعددوبارہ بجےتودوسری مرتبہ بند کرنے میں اتنا وقفہ ہونا چاہئےکہ جس میں تین مرتبہ’’سبحان ربی العظیم‘‘پڑھا جاسکے کیونکہ بغیر وقفہ کے مسلسل تین مرتبہ اس طرح بند کرنے یا دونوں ہاتھ استعمال کرنے سے بظاہر عملِ کثیر پایا جائے گااور اس سے نماز فاسد ہوجائے گی.