سوال: والد کی زندگی میں جائیداد کی تقسیم چھ بھائی ہیں ان میں سے ایک دوسروں سے پہلے جائیداد میں سے حصہ لے کر الگ ہوجاتا ہے ۔ الگ ہونےوالے کو دوسرے سے کم حصہ ملتا ہے ۔
1)کیا اس کا حصہ بھی دوسروں کے برابر ہوگا ۔ کیا والد کی مرضی ہے کہ اس کو کم حصہ دے دوسروں کے برابر ہوگا ۔ کیا والد کی مرضی ہے کہ اس کو کم حصہ دے دوسروں سے ۔ بعد میں دوسرے بھائی بھی الگ ہوگئے ڈیڑھ یا دو سال بعد اور ان کو الگ ہونے والے بھائی سے جائیداد میں سے زیادہ حصہ ملا ( الگ ہونے والے کو دوسروں کے برابر ملے گا یا کم)
جواب: واضح رہے کہ زندگی میں جائیداد کی تقسیم شرعاً ہدیہ اور گفٹ ہے۔ میراث نہیں۔ اورا حادیث میں حضور ﷺ نے ہدیہ میں اولاد کے درمیان برابری کا حکم دیا اور بغیر کسی خاص شرعی وجہ کے کسی کو کم ، کسی کو زیادہ دینے کو ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا ہے ۔ البتہ اولاد کو ہر حالت میں والدین کی عزت اور ان کی فرماں برداری کا حکم دیاہے ۔
لہذا والد صاحب کو چاہیے تھا کہ اگر کوئی شرعی وجہ نہ تھی تو سب اولاد میں جائیداد برابر تقسیم کرتے ۔ اگر بغیر کسی شرعی وجہ کے انہوں نے کسی کو کم ، کسی کو زیادہ دیا تو شرعاً ناپسندیدہ کام کیا۔ البتہ اگر دوسروں کو اس لیے زیادہ دیاکہ وہ زیادہ تنگ دست تھے یا علم وتقویٰ میں آگے تھے یا خدمت واخلاق کا وصف ان میں زیادہ تھا اور اس کے ساتھ ساتھ مقصد پہلے کی دل شکنی بھی نہ تھی تو یہ بلا کراہت جائز تھا۔
تاہم جو بھی صورت ہو چونکہ اب جائیداد تقسیم ہوچکی ہے اس لیے جس کو جو ملا اس پر بخوشی راضی ہونا چاہیے ، نئے سرے سے تقسیم کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے ۔کیونکہ ہدیہ کرنے والے کے لیے ہدیہ سے رجوع کرنا احادیث کی روشنی میں بڑا گناہ ہے ۔
نیز تمام اولاد پر لازم ہے کہ والد کی عزت وتوقیر اور ان کی خدمت واطاعت میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دیں اور پس میں سب محبت کے تعلقات رکھیں ۔ حسد وعداوت سے گریز کریں ۔
1۔ فی الصحیح لمسلم ؒ :” عن ابن عباس عن رسول اللہ ﷺ قال: ” العائد فی ھبتہ ، کالکلب بقیء، ثم یعود فی قیئہ ” ( 2/36 کتاب الھبات ، قدیمی)
2۔ وفیہ : ” عن النعمان بن بشیر قال: تصدیق علی ابی ببعض مالہ ، فقالت امی عمرۃ بنت رواحۃ : “لاارضی حتی تشھد رسول اللہ ﷺ، فانطلق ابی الی النبی ﷺ لیشھد علی صدقتی ، فقال لہ رسول اللہ ﷺ : “افعلت ھذا بولدک کلھم ؟ قال : ‘ا قال : ‘القوا اللہ واعدلوا فی اولادکم ، فرجع ابی ، فرد تلک الصدقۃ ” ( 2/37)
3۔ فی الشامیۃ : “لاباس بہ اذا کان التفضیل لزیادۃ فضل فی الدین ، وان کانوا سواء یکرہ ” ( 6/520 سعید)
4۔۔فی تکملۃ فتح الملھم : ” ان الوالد ان وھب لاحد ابنائہ ھبۃ اکثر من غیرہ اتفاقا، او بسبب علمہ ، اوعملہ ۔ او برہ بالوالدین ۔ من غیران یقصد بذلک اضرار الاخرین ولاالجور علیھم ، کان جائز علی قول الجمھور۔ ۔۔اما اذا قصد الوالد الاضرار ، او تفضیل احد الابناء علی غیرہ بقصد التفضیل من غیر داعیۃ مجوزۃ لذلک ، فانہ لایبیحہ احد ” ( 2/71 مکتبہ دارالعلوم کراتشی )
واللہ سبحانہ وتعالیٰ