دفتر میں دباؤ کیوں ؟
وہ دو بچوں کا باپ تھا۔ اس کی عمر 40 سال کی دہلیز پار کرچکی تھی۔ وہ اس لمحے کو کوس رہا تھا جب اس نے فرانس ٹیلی کام میں ملازمت حاصل کی تھی ۔ آج ایک بار پھر باس نے بری طرح ڈانٹ دیاتھا ۔ دفتر میں گزارنے والے آٹھ گھنٹے اس پر آٹھ صدیوں کی طرح بھاری ہوتے تھے۔ دوسری کسی جگہ نوکری ملتی نہیں تھی۔ گھر طلانا بھی مجبوری تھا۔اسی مجبوری کے ہاتھوں وہ روزانہ دفتر میں بری طرح پٹ جاتا۔ مگر آج حد ہوگئی تھی ۔ کام کا بوجھ اور پھر ڈانٹ ڈپٹ نے اسے زندگی سے مایوس کردیاتھا ۔ وہ پیرس کے ایک پل سے کود گیا ۔ اگلے دن جب دفتر کھلا تو اس کی ٹیبل پر ایک خط ملا۔ خط میں لکھا تھا :” فرانس ٹیلی کام کے دفتر نے میری جان لے لی”۔ پھر یہ سلسلہ رکا نہیں۔ ایک سال میں اسی دفتر کے 24 ملازمین نے خود کشی کر لی اور 13 افراد نے اپنی جان لینے کی ناکام کوشش کی۔
سوچنے کی بات ہے کہ دفتر میں اس قدر ذہنی دباؤ کیوں ہوتا ہے کہ لوگ خود کشی پر مجبور ہوجاتے ہیں؟ دفتر کا ماحول اتنا تلخ کیوں ہوجاتا ہے کہ زندگی عذاب بن جاتی ہے ؟
دفتر لوگوں کی ناپسندیدہ جگہ ؟
” کیا کریں ؟ یہ دفترنہیں، چوہے دان ہے ۔ یہ پابندی ، وہ پابندی ۔ تم لوگ کیا نئے نئے اصول بناتے رہتے ہو؟ ناک میں دم کر کے رکھا ہے ۔ یہ رپورٹ دو، وہ رپورٹ لکھو ۔ ہر روز نئے نئے مطالبے ۔ پریشان ہوتی ہے میری جوتی ۔ اپنے کام سے کام رکھو اور مجھے اپنا کام کرنے دو “۔
دفتروں میں ایسے جملے روزانہ سننے کو ملتے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان میں نوکری چھوڑنے والے دس آدمیوں میں سے نوافراد صرف کام کے دباؤ کی وجہ سے نوکری چھوڑتے ہیں۔ دفتری کام کے دباؤ کی وجہ سے نوکری چھوڑتے ہیں۔ دفتری کام کے دباؤ کا ہی نتیجہ ہے کہ لوگوں کے لیے سب سے ناپسندیدہ جگہ دفتر بن گیا ہے۔ دفتر کا نام سنتے ہی اکثر لوگوں کے تیور بگڑنے شروع ہوجاتے ہیں ۔ برطانیہ میں کیے جانے والے ایک سروے سے پتہ چلتا ہے کہ ہر سال دفتر میں ملازمین پر ذہنی دباؤ کی وجہ سے کمپنیوں کو ایک ارب پونڈ کا نقصان ہورہا ہے ۔ ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے جو ایک پونڈ خرچ کیاجاتا ہے اس کے بدلے میں ملازم خوش ہوکر 3 پونڈ خرچ کرنے کت برابر کام کرتا ہے ۔
کیا ہر دباؤ نقصان دہ ہے ؟
اب سے سے پہلے یہ بات جاننا ضروری ہے کہ ہر دباؤ نقصان دہ نہیں ہے۔ انسان زندگی میں جو بھی کام کرت ہے اس کا دباؤ ضرور ہوتا ہے ۔ انسان کی خفیہ صلاحیتیں بھی دباؤ میں ہی ابھر کر سامنے آتی ہیں ۔ انسان کی ترقی کا سفر اسی دباؤ سے ہی شروع ہوتا ہے۔ دنیا میں ممکن نہیں کہ کوئی انسان ہر قسم کے دباؤ سے بالکل آزاد ہو۔ اس لیے ماہرین کہتے ہیں کہ اچھا دباؤ کا لازمی حصہ ہے۔ منفی اور برابر دباؤ نقصان دہ ہوتا ہے ۔ آپ کو نئی نوکری ملتی ہے مگر اندیشے اور وسوسے آپ کو گھیر لیتے ہیں ۔ کوئی اہم کام سر انجام دیتے وقت بھی دل گھبراتا ہے۔ خوشی اور پریشانی کے ملے جلے جذبات میں کام مکمل ہوتا ہے ۔نئے لوگوں سے ملتے وقت دل پس وپیش سے کام لیتا ہے ۔ ان تمام صورتوں میں دباؤ ہے مگر ایسا دباؤ زندگی کا حصہ ہے ۔ یہ مثبت دباؤ ہے مگر ایسا دباؤ زندگی کا حصہ ہے ۔ یہ مثبت دباؤ ہے۔ اس سے انسان کی کار کردگی بہتر ہوتی ہے ۔ اس کے بجائے اگر ہر روز کارکن کو ذہنی اذیت دی جارہی ہو، کام کا بوجھ اتنا ہو کہ سر اٹھانے کا موقع ہی نہ ملے اور باس اتنا بد اخلاق ہو کہ بات بے بات گالیاں دینے لگے تو ایسا دفتر عذاب بن جاتا ہے ۔ ایسے ماحول میں لوگ ہارٹ اٹیک ، بلڈپریشر اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ ایسا دباؤ لوگوں کی زندگی اجاڑ دیتا ہے ۔
دباؤ سے کیوں بچنا چاہیے ؟
ذہنی دباؤ ایسی چیز ہے جس کے نتیجے میں انسان جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتا ہے ۔ دنیا بھر میں جاپان کی حیرت انگیز ترقی کی مثالیں دی جاتی ہیں ۔ جاپانی مصنوعات کو معیار کی ضمانت سمجھاجاتا ہے ۔ مگر اس کا دوسرا رخ یہ ہے کہ ہر سال تقریبا 10 ہزار جاپانی بے تحاشا دفتری کام کی وجہ سے جان گنوادیتے ہیں۔ اس کے علاوہ دماغی طور پر معذور ہونے والے اور نفسیاتی امراض کا شکار ہونے والوں کی تعداد کا اندازہ لگانا ہی ممکن نہیں ۔ کامسیٹ یونیورسٹی کی طرف سے کیے جانے والے ایک سروے میں انکشاف کیاگیا ہے کہ دفتری دباؤ کی وجہ سے تقریبا ً 10 کروڑ گھنٹے ضائع ہوجاتے ہیں۔ اگر کام کا دباؤ نہ ہو اور کارکن کو کام کرنے کی آزادی ہو تو یہ تمام وقت کار آمد بن جائے ۔ دوسری طرف پاکستان بھر میں پھیلی بیماریوں کی بھی ایک بڑی وجہ دباؤ اور ذہنی پریشانی ہے ۔ سروے کے مطابق 50 سے 75 فیصد بیماریوں کی بنیادی وجہ ذہنی دباؤ اور دفتری ماحول ہوتا ہے ۔ پاکستان میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق 34 فیصد ملازمین کو یہ شکوہ ہے کہ ان کا دفتری کام بہت زیادہ ہے اور وہ اسے درست طریقے سے ادا نہیں کر پارہے ۔
کتنے افسوس کی بات ہے کہ دفتر تو انسان کو روزگار دیتا ہے۔ انسان کی معاشی ضروریات پوری کرتا ہے ۔ اس کی بہت سی ناتما م خواہشوں کو پورا کرتا ہے ۔ مگر دفتر میں داخل ہونے والا اس خوشی کو محسوس کرنے کے بجائے غم سے دو چار ہوجاتا ہے۔ اس لیے دنیا بھر میں دفتر کا ماحول بہتر بنانے کے لیے کوششیں ہوتی ہیں ۔ دباؤ کم کرنے کے لیے مختلف طریقے آزمائے جاتے ہیں۔ دفتر کی زندگی کیسے بہتر بنائی جاسکتی ہے اور کارکن کو کیسے خوش رکھاجاسکتا ہے؟ اس پر اگلی قسط میں گفتگو کرتے ہیں ۔
ایک تاجر ہونے کے ناطے ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ ہم صرف اپنے ادارے کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ معاشرے کی طرف سے معاشی سر گرمیوں میں ایک نگران کی حیثیت سے بھی کام کر رہے ہیں ۔ اس ضمن میں کاروباری حضرات سے یہ امیدیں وابستہ کی جاتی ہیں کہ وہ اعلیٰ پیشی ورانہ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کریں گے اور جو ذمہ داریاں ان پر عائد ہوتی ہیں ان کو پورا کریں گے ۔
آئیے !دیکھتے ہیں وہ کون سے اقدار ہیں جن پر عمل کرنے سے ایک بزنس مین اپنے فرائض سے سبکدوش ہوسکتا ہے اور اپنے کاروبار اور تجارت کو کامیاب بناسکتا ہے ۔
ایمانداری (Honestly )
٭کسی بھی صورت سچ کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے ۔
٭کسٹمر کےساتھ جس معیار کا وعدہ کیاجائے اسی معیار کی پروڈکٹ اور مال فراہم کیاجائے ۔
٭ کسی وجہ سے گاہک کو ناقص مال پہنچے تو اس کی ذمہ داری قبول کرلیں ۔
٭ پروڈکٹ کے ڈیزائن ، قیمت اور فراہمی میں دھوکہ دہی سے اجتناب کریں۔
٭ظاہری اور خفیہ خدمات اور معاہدات کی پاسداری اور احترام کریں ۔
ذمہ داری (Responsibility )
٭کاروباری فیصلوں اور حکمت عملیوں میں اس بات کا لحاظ رکھیں کہ ایسی پروڈکٹ تیار کی جائے جو کسٹمر کی ضرورت کو پوار کرسکے ۔
٭تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جابرانہ رویے سے احتراز کریں اور ہر ایک کے ساتھ خوش خلقی سے پیش آئیں ۔
٭ معاشی طاقت اور بڑھتے ہوئے کاروبار کے ضمنمیں جو معاشرتی ذمہ داریاں کے عائد ہوتی ہیں ان کو بجا لائیں ۔
٭فیصلہ کرتے وقت ماحول اور فضا کی حفاظت کی ذمہ داری کا بھی خیال رکھیں ۔
معاملات میں صفائی (Fairness)
٭ پروڈکٹس بیچنے ، تشہیر کرنے اور گفتگو کرنے میں مبہم انداز اور مہمل تعبیرات سے پرہیز کریں ۔
ان تمام چالوں اور کارستانیوں کو ٹھکرائیں جو کسٹمر ز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا سبب ہوں۔
٭جھوٹے اعلانات اور ظالمانہ قیمتیں مقرر کرنے سے اجتناب کریں۔
٭جب پار ٹنر شپ میں فائدہ اور نفع نظر نہ آتا ہو تو پارٹنر شپ کو اختیار نہ کریں ۔
٭ملازمین ، گاہک اور شراکت داروں کی ذاتی معلومات کو صیغہ راز میں رکھیں ۔
احترام (Rescpect )
٭رنگ ، نسل ۔ جنس ، ذات اور زبان کی وجہ سے غیر انسانی سلوک اور امتیازی برتاؤ سے حد درجہ احتیاط برتیں ۔
٭ کسٹمرز کی شکایات اور ضروریات کو غور سے سنیں اور ان کے مسائل کا مخلصانہ اور ذمہ دارانہ حل پیش کریں ۔
٭ مالزمین ، کنسلٹنتٹ اور شراکت داروں کی مخلصانہ خدمات کا اعتراف اورا حترام کریں ۔
٭کاروباری حریفوں سمیت ہر کسی سے ایسا رویہ رکھیں جیسے رویے کی آپ دوسروں سے توقع رکھتے ہیں۔
شفافیت (Transparency)
اسٹیک ہولڈرز اور کسٹمر کی طرف سے تعمیری تنقید برداشت کریں اور مثبت حل نکالیں ۔
٭ ایسے خصوصی اقدامات اور مثالی منیجمنٹ کریں جن سے پروڈکٹ یا سروس رسک کا احتمال اور امکان کم سے کم ہو جائے ۔
٭تمام اراکین بورڈ کے ساتھ صاف شفاف تعلق اور روابط رکھیں ۔
٭ قیمتوں کا گوشوارہ ۔ مالیاتی وتجارتی اصطلاحات اور موجودہ پرائس ڈیل کی خوب وضاحت کریں تاکہ کوئی کسٹمر دھوکے اور ابہام میں نہ رہے ۔
شہریت (Citizenship )
٭کاروباری مہم کے دوران معاشی ، معاشرتی ، ماحولیاتی اور اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔
٭ معاشرے کے غریب اور لاچار لوگوں کی فلاح بہبود کے لیے کوشش کریں اور انہیں سستے داموں چیزیں مہیا کریں ۔
٭ملکی ترقی کی خاطر شراکت داروں اور پیداکاروں کے ساتھ معاملات میں صفائی اور درستگی اختیار کریں ۔