گزارش ہے کہ مختلف دینی کتابوں میں ایک حدیث قدسی پڑھی ہے جو کہ یوں شروع ہوتی ہے ۔ حدیث قدسی :
ایک میری چاہت ہے ایک تیری چاہت ہے
ہوگا وہی جو میری چاہت ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ جناب سے گزارش ہے کہ اس حدیث قدسی کا حوالہ عنایت فرمادیں کہ یہ حدیث کی کس کتاب میں ہے یعنی صحیح مسلم یا بخاری شریف وغیرہ ، مہربانی فرماکر جواب عنایت فرمادیں بہت مہربانی ہوگی ۔
الجواب بعون الملک الوہاب
سوال میں موجود مضمون کی روایت کو حجۃ الاسلام امام غزالی ؒ ( المتوفی 505ھ ) نے اپنی شہرہ آفاق تالیف “احیاء علوم الدین ” صفحہ 302/جلد 4 پر بالفاظ ذیل نقل فرمایا ہے:
ویروی ان اللہ تعالیٰ اولی اوحی الی داؤد علیہ السلام یا داؤد انک ترید وارید وانما یکون امارید فان سلمت لما ارید کفیت ماترید وان لم تسلم لما ترید اتعبتک فیما ترید ثم لایکون الا ماارید یعنی یہ مضمون حضرت داؤد علیہ السلام کی طرف پیغام ربانی اور وحی الٰہی کا مضمون ہے۔ یہ روایت حسب استطاعت جستجو اور تلاش کے باوجود کتب احادیث میں ہم کو نہیں ملی جبکہ احادیث وروایات ضعیفہ وموضوعہ کے مجموعات وموسوعات میں بھی اس کا ذکر نہیں ملتا اس لئے ممکن ہے کہ یہ اسرائیلی روایات میں ستے ہو اور وہی امام غزالیؒ کا ماخذ ومرجع ہو۔
بہرحال یہ مضمون نفس الامر میں بلا شک وشبہ صحیح اور ناقابل نکیر ہے اس لیے اس کو بطور تمثیل وحکایت بیان کرنے میں تو کوئی حرج نہیں ہے ،البتہ ا س کو بغیر حوالہ کے صراحت کے ساتھ حدیث قدسی کے نام سے بیان کرنے میں احتیاط سے کام لینا چاہئے ۔
الجواب صحیح : مفتی سعید احمد
ناظم :دارالافتاء معہد الخلیل الاسلامی