اسلام علیکم!شوہر کے مجازی خدا ہونے کی کوئی دلیل ہے؟
جواب : وعلیکم السلام ورحمة الله وبركاته!
شوہر کے مجازی خدا ہونے کی کوئی دلیل نہیں ہے، عورت کا اپنے شوہر کو مجازی خدا کہنا جائز نہیں ہے؛ کیوں کہ ’’خدا‘‘ ترجمہ ہے ’’واجب الوجود‘‘ کا، اور واجب الوجود صرف ایک ہی ہے، یعنی اللہ پاکٰ کی ذات جو کہ حقیقی خدا ہے، اور وہی سب کا خدا ہے، خدا میں کوئی مجاز نہیں ہے، یہی توحید کا تقاضا ہے۔
’’آپ کے مسائل اور ان کا حل‘‘ میں حضرت مولانا یوسف لدھیانوی رحمہ اللہ نے تحریر فرمایا ہے:
’’اللہ تعالیٰ نے مرد کو عورت پر حاکم بنایا ہے، مگر نہ وہ حقیقی خدا ہے اور نہ مجازی خدا۔ حاکم کی حیثیت سے اسے بیوی پر ظلم و ستم توڑنے کی اجازت نہیں، نہ اس کی تحقیر و تذلیل ہی روا ہے۔ جو شوہر اپنی بیویوں پر زیادتی کرتے ہیں وہ بدترین قسم کے ظالم ہیں۔ بیوی سے حسنِ سلوک کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ شوہر کو خدائی منصب پر فائز سمجھنا ہندووٴں کا طریقہ ہو تو ہو، اسلام کا طریقہ بہرحال نہیں۔ البتہ عورت کو اپنے شوہر کی عزّت و احترام کا یہاں تک حکم ہے کہ اس کا نام لے کر بھی نہ پکارے، اور اس کے کسی بھی جائز حکم کو مسترد نہ کرے”۔